عمران خان کی جج تعیناتی اور جیل ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ سنا دیا گیا

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی انٹرا کورٹ اپیل منظور کر لی ۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق سائفر کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں عمران خان کو عدالت سے ریلیف مل گیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی جج تعیناتی اور جیل ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر فیصلہ سنا دیا گیا، جیل ٹرائل کے خلاف انٹراکورٹ اپیل منظور کر لی تاہم آفیشل سیکرٹ عدالت کے جج کی تعیناتی کو درست قرار دے دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ قانون میں دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق ٹرائل جیل میں ہو سکتا ہے، غیر معمولی حالات میں ٹرائل جیل میں کیا جا سکتا ہے، جیل ٹرائل اوپن یا ان کیمرا ہو سکتا ہے،13 نومبر کو کابینہ منظوری کے بعد جیل ٹرائل نوٹیفکیشن کا ماضی پر اطلاق نہیں ہو گا۔ عدالت نے جیل سماعت سے متعلق وزارت قانون کے 29 اگست کے نوٹیفکیشن کو غیر قانونی قرار دیدیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل دو رکنی بینچ کے سنائے گئے فیصلے میں سائفر کیس کا جیل ٹرائل غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔