پاکستان جلد پولیو فری ملک بنے گا، بیماری کو مکمل شکست دینا ہوگی: شہبازشریف

Nov 21, 2024

                                                                        اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے،جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا،پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،بیماری کے خاتمے کیلئے وفاق اور صوبے مل کر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف سے پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نمائندہ کرسٹوفر ایلیاس،عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف روزا کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجیسیکارا، سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن کی ڈپٹی ڈائریکٹر اینڈریا فرسٹڈٹ،روٹری فاؤنڈیشن کے ٹرسٹی و نیشنل چیئر عزیز میمن، کنگ سلمان ہیومنیٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر کے ڈاکٹر زیاد میمش اور کے ایس ریلیف کے ہیلتھ و انوائرمنٹل ایڈوائزر ڈاکٹر عبداللہ صالح کے شامل تھے، اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈنیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے پاکستان آمد اور پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت پاکستان کا ساتھ دینے پر وفد کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے کنگ سلمان فاؤنڈیشن، بل اینڈ میلینڈا گیٹس فاؤنڈیشن، روٹری فاؤنڈیشن، یونیسیف اور سی ڈی سی کا شکریہ ادا کیا جو کہ انسداد پولیو مہم میں حکومت پاکستان کے ساتھ شریک ہیں،ان تمام تنظیموں کا کردار انسداد پولیو مہم میں عالمی کوششوں کو ظاہر کرتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے مل کر پولیو جیسے چیلنج کو شکست دینی ہے،جلد پاکستان پولیو فری ملک بنے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ جب تک پولیو کو ہمیشہ کیلئے شکست نہ دے لیں چین سے نہیں بیٹھیں گے،پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا گیا ہے اور وفاق اور تمام صوبے مل کر انسداد پولیو کے خلاف اقدامات اٹھا رہے ہیں۔وزیراعظم نے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے تمام وزرا اعلی و چیف سیکرٹریز کی کارکردگی کی تعریف کی۔وفد نے انسداد پولیو کے حوالے سے وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے سربراہ سینیٹ خارجہ امور کمیٹی سینیٹر عرفان صدیقی نے ملاقات کی۔سینیٹر عرفان صدیقی نے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا، عرفان صدیقی نے وزیر اعظم کو قائمہ کمیٹی امور خارجہ کے حوالے سے بھی بریف کیا۔ملاقات کے دوران عرفان صدیقی نے معاشی اہداف کے حوالے سے شاندار کار کردگی پر وزیر اعظم کو مبارکباد بھی پیش کی۔اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹرز قابل تحسین کر دار ادا کر رہے ہیں، وفاق کی علامت ہونے کے حوالے سے ایوان بالا کو قومی یکجہتی اور صوبائی ہم آہنگی میں متحرک کردار ادا کرنا چاہئے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پارلیمانی گروپ کو اس مقصد کیلئے ایوان میں موجود تمام دوسری جماعتوں کے ساتھ مضبوط رابطے رکھنے چاہئیں، آج کے دور میں مضبوط خارجہ پالیسی کی اہمیت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔شہباز شریف نے توقع ظاہر کی کہ سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ ایک تھنک ٹینک کا کردار ادا کرتے ہوئے حکومت کی رہنمائی کرے گی۔

 شہباز شر یف

مزیدخبریں