اسلام آباد(آئی این پی) سپریم کورٹ نے بلوچستان کے حلقہ پی بی 45 کے 15 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی حکم دیدیا۔سپریم کورٹ میں علی محمد جتک کی کوئٹہ کے حلقہ پی بی 45 کے 15 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ گنتی کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔جسٹس عقیل عباسی نے وکیل شہزاد شوکت سے مکالمہ کیا کہ اس کیس میں الزام فارم 45 اور 27 میں تضاد کا ہے، فارم 45 اور فارم 47 کا فرق بھی دیکھ لیں، ریکارڈ سے تضاد واضح نظر آ رہا ہے، حیران کن طور پر فارم 45 سے متعلق الزامات دونوں اطراف سے آئے ہیں۔جسٹس عرفان سعادت نے کہا کہ وکیل صاحب سنگین الزامات ہیں، سیل ٹوٹے ہوئے ہیں،ایک رات پہلے بیلٹ پیپر غائب کر دئیے گئے۔وکیل نے دلائل دئیے کہ فیصلے میں جج صاحب جو کہہ رہے ہیں اسکی بنیاد کوئی نہیں ہے، مائی لارڈ ان کی طرف سے صرف چار فارم 45 کی فوٹو کاپیاں لگائی گئی ہیں۔جسٹس عقیل عباسی نے کہا کہ ایک بھی آ جائے تو کافی ہے، محترم 16 گواہان نے بیانات دیے ہیں۔سپریم کورٹ نے علی محمد جتک کی ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف اپیل خارج کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔علاوہ ازیں سپریم کورٹ میں بلوچستان کی صوبائی نشست پی بی 21 حب میں دوبارہ گنتی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے پیپلز پارٹی کے علی حسن زہری کی اپیل منظور کرتے ہوئے دوبارہ گنتی سے متعلق معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجواتے ہوئے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن دوبارہ گنتی کی درخواست کو ازسر نو سن کر فیصلہ کرے۔
سپریم کورٹ