"الجہاد " کے نعرے لگاکرپی ٹی آئی نے ثابت کیا یہ ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ ہے: عظمیٰ بخاری
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ریاست کےخلاف "الجہاد الجہاد" کے نعرے لگاکرپی ٹی آئی نے ثابت کیا یہ ٹی ٹی پی کا سیاسی ونگ ہے۔ٹی ٹی پی کے سیاسی ونگ نے”جہادی سکواڈ“بھی قائم کردیا ہے،فتنہ پارٹی نے جہادی سکوڈ کو مسلح کیا ہے، یہ سکواڈاسلحہ، شیلنگ، غلیلوں،کانچ اور ربڑ کی گولیوں سے لیس ہوگا۔9مئی کا ماسٹر مائنڈ فیڈریشن کےخلاف ایک صوبے کے وزیراعلیٰ کو مسلسل مہرے کی طرح استعمال کررہا ہے۔فتنہ پارٹی کے 90فیصد لوگ 24نومبر کے احتجاج کے مخالف ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہابشری بی بی کے آمرانہ اور تحقیر آمیز رویئے سے انکے ارکان اسمبلی میں پھوٹ پڑ چکی ہے۔علیمہ خان اور شیر افضل مروت نے بھی بشریٰ بی بی کی پارٹی پر قبضے کی کھل کر مخالفت کی ہے۔انکے پنجاب کے ارکان اسمبلی کافی سمجھدار ہیں انہوں نے بشریٰ کی لیڈرشپ کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔اڈیالہ جیل کا قیدی کے پی کے نوجوان کو فیڈریشن کےخلاف مسلسل اکسا رہا ہے۔جن بچوں کے ہاتھ میں لیب ٹاپس، فری کتابیں، مفت ادویات،بائیکس اور جدید سکلز ہونی چاہئیں، فساد گروپ انکو غلیلیں، پیٹرول بمب اور ڈنڈے دے کر ریاست کے خلاف مسلح کر رہا ہے۔ریاست کو کمزور مت سمجھیں ،ہمیں جتھوں اور بلوائیوں کا علاج کرنا بڑے اچھے سےآتا ہے۔