آفر آئی ہے کہ احتجاج ملتوی کردیں سب ٹھیک ہوجائے گا، عمران خان

Nov 21, 2024 | 06:22 PM

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر کے ذریعے آفر ہوئی ہے کہ احتجاج ملتوی کردیں سب ٹھیک ہوجائے گا۔

اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی اور دیگر لوگوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا، مذاکرات چلتے رہتے ہیں مگر یہ پتہ چل گیا کہ یہ سنجیدہ نہیں تھے، یہ صرف احتجاج ملتوی کروانا چاہتے تھے۔ ہائی کورٹ نے کل ضمانت منظور کی حکومت کے پاس سنہری موقع تھا کہ مجھے رہا کر دیتے، جیل میں ہوں اور مجھ پر کیسز پر کیسز بنائے جا رہے ہیں اسی کو بنانا ریپبلک کہتے ہیں۔ وکلاء، ججز، مزدوروں، سول سوسائٹی سب کو پیغام دے رہا ہوں کہ 24 نومبر کو احتجاج کےلیے نکلیں۔

 انہوں نے کہا کہ واضح ہو گیا کہ حکومت مجھے انگیج کر کے معاملے کو طول دینا چاہتی ہے اور یہ بھی واضح ہو گیا کہ اصل طاقت جس کے پاس ہے اسی نے یہ سب کیا، یہ سب کچھ یہ بتانے کےلیے کیا گیا کہ وہ جو چاہیں کریں وہ قانون سے بالاتر ہیں۔

مزیدخبریں