پیسے لینے والے سیاستدان نااہل قرار دیئے جائیں، پرویز الٰہی

پیسے لینے والے سیاستدان نااہل قرار دیئے جائیں، پرویز الٰہی

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، ثناءنیوز) نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے اصغر خان کیس کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہاکہ اُس پر من وعن عمل ہونا چاہیے، میڈیا پاکستان اور بھارت کو سنگل ایجنڈے پر لاسکتاہے۔ سٹیٹ گیسٹ ہاﺅس میں بھارتی صحافیوں کے وفد اور میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل ہوناچاہیے ، اور پیسے لینے والے سیاستدانوں کو نااہل قرار دینا چاہیے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ مسلم لیگ ق نے کبھی پیسے لیے ہیں اور نہ ہی کبھی فنڈ لیں گے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اُن کے دور حکومت میں گوردواروں کی دیکھ بھال شروع کی گئی اور ننکانہ صاحب کو ضلع کا درجہ دیا گیا۔ اُنہوں نے کہاکہ پاک بھارت تعلقات میں پھول اور کانٹے ساتھ ساتھ ہیں ۔اُنہوں نے کہاکہ منموہن سنگھ جہلم آکر اپناگاﺅں دیکھیں ، دورے سے دونوں ممالک کے درمیان مزید بریک تھرو ہوسکتا ہے۔ دریں اثناءچودھری پرویزالٰہی سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی ڈاکٹر محمد ارشد صدر چلڈرن ہسپتال کی قیادت میں ملاقات کی اور ڈاکٹروں کے خلاف قتل عمد کے جھوٹے مقدمات اور پنجاب حکومت کی دیگر زیادتیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے ینگ ڈاکٹرز کو یقین دلایا کہ زیادتیوں کے خلاف ہم ان کے ساتھ ہیں ان کے مسائل کے حل کیلئے ایوان کے اندر اور باہر آواز بلند کریں گے۔ شہباز شریف کی حکومت نے محکمہ صحت برباد کر دیا ہے، ینگ ڈاکٹرز بارے ان کی نیت درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ڈاکٹر پریشان ہوں گے تو وہ کیا علاج کریں گے۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے پیشہ کے تقدس کا خیال رکھیں اور ہڑتالیں نہ کریں اور مریضوں کا خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں ہزاروں ڈاکٹر ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

پرویز الٰہی

مزید :

صفحہ آخر -