بروقت چالان پیش نہ کرنے پر تین ایس ایچ اورسمیت 18اہلکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری
لاہور ( سٹاف رپورٹر )مختلف ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججوں نے زیر سماعت مقدمات میں بروقت چالان عدالتوں میں پیش نہ کرنے پر تین تھانوں کے ایس ایچ او ز سمیت 18اہلکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔ گزشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج حامد حسین نے زیر سماعت اندراج مقدمہ کی درخواست میں بار بار طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر ایس ایچ او تھانہ مصری شاہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جا ری کر دیئے جبکہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج عبدالقیوم خان نے زیر سماعت منشیات کے مقدمہ میں بطور گواہ پیش نہ ہونے پر ایس ایچ او تھانہ سبزہ زار سمیت 3اہلکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج نے زیر سماعت اندراج مقدمہ کی درخواست میں پیش نہ ہونے پر ایس ایچ او تھانہ شاہدرہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جا ری کر دیئے ۔ علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن ججوں نے زیر سماعت مقدمات میں چالان پیش نہ کرنے اور بطور گواہ پیش نہ ہونے پر تھانہ فیکٹری ایریا کے سب انسپکٹر چودھری محمد یعقوب سمیت پانچ اہلکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج نے زیر سماعت منشیات کے مقدمہ میں چالان پیش نہ ہونے پر تھانہ بادامی باغ کے اے ایس آئی محمد نواز سمیت تین اہلکاروں اور زیر سماعت مقدمہ میں بطور استغاثہ کے گواہ پیش نہ ہونے پر تھانہ شفیق آباد کے سب انسپکٹر محمد جاوید سمیت چھ اہلکاروں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ۔