پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن کامیابی سے مکمل

پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن کامیابی سے مکمل

  

لاہور(سٹاف رپورٹر) پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔ پی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ 99 فیصد نشستوں کی شرح استعمال کے ساتھ پروازوں کی بروقت آمد وروانگی کی شرح 96 فیصد رہی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے 196 قبل از حج پروازوں کے ذریعے 82823 عازمین حج کو پاکستان سے سعودی عرب پہنچایا اور رنگون سے چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے 1989 عازمین حج کو جبکہ 9207 عازمین حج کو پی آئی اے کی شیڈول پروازوں کے ذریعے پہنچایا۔ اس طرح 94019 عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی 20 حج پروازوں کے ذریعے 9931 عازمین حج، اسلام آباد سے 3 5 پروازوں کے ذریعے 17343 عازمین حج، لاہور سے 35 پروازوں کے ذریعے 17462 عازمین حج اور پشاور سے 14292عازمین حج کو 44 حج پروازوں کے ذریعے سعودی عرب پہنچایا۔ اسی طرح کوئٹہ سے 41 پروازوں کے ذریعے 13294 عازمین حج ، ملتان سے 14 حج پروازوں کے ذریعے 699 اور سیالکوٹ سے 7 حج پروازوں کے ذریعے 3498 عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا۔ پی آئی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد جنید یونس نے ملازمین کے نام ایک پیغام میں عازمین حج کے اطمینان اور پی آئی اے انتظامیہ کی توقعات کے مطابق کامیاب قبل از حج آپریشن کی تکمیل پر ملازمین کی محنت ولگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ سعودی عرب سے وطن واپسی پر بھی بعد از حج آپریشن کو اسی جذبے اور لگن کے ساتھ حجاج کرام کی باسہولت اور آرام دہ سفر کےلئے کام کریں گے۔ پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 31 اکتوبر کو پہلی حج پرواز کی پاکستان آمد سے شروع ہوگا۔

مزید :

صفحہ آخر -