ٹاﺅن شپ میں آبادی کے لحاظ سے مزید نادرا سنٹر قائم کیا جائے، محمد سرفراز خان
لاہور (جنرل رپورٹر) ٹاﺅن شپ و گرین ٹاﺅن کے ہزاروں مکینوں اور علاقہ کے سماجی و تاجر رہنما سابق جنرل کونسلر محمد سرفراز خان نے ڈی جی نادرا سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹاﺅن شپ میں آبادی کے لحاظ سے فوری طور پر مزید نادرا سنٹر کھولا جائے، بٹ چوک کالج روڈ پر قائم سنٹر کو عام آدمی کیلئے بھی مختص کیا جائے پیکو روڈ کے سنٹر میں سٹاف اور سہولیات فراہم کی جائیں اور ٹاﺅن شپ و گرین ٹاﺅن میں شناختی کارڈ کیلئے موبائل گاڑیاں بھیجی جائیں۔ انہوں نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بٹ چوک پر قائم نادرا سنٹر غریب عوام کیلئے بند کردیا گیا ہے یہاں 1000 روپے میں شناختی کارڈ اور 500 روپے میں والدین ”ب“ فارم بنوا سکتے ہیں اس کمر توڑ جان لیوا مہنگائی میں غریب آدمی کیلئے یہ بہت مشکل ہے پیکو روڈ سنٹر پر اس قدر رش ہوتا ہے کہ سورج نکلنے سے قبل لائن لگانے والوں کے کارڈ نہیں بن سکتے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کی آمد ہے عوام کو قومی شناختی کارڈ کے حصول میں زبردست مشکلات کا سامنا ہے نادرا حکام کو چاہئے کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے ہنگامی اقدامات کرے۔