اتحادی حکومت کی کرپشن ٹرین کا ڈیزل عنقریب ختم ہو جائیگا، صائمہ شہزادی خاں
لاہور (لیڈی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین پنجاب کی رہنما اور سابق ٹکٹ ہولڈر صوبائی اسمبلی صائمہ شہزادی خان نے کہا ہے کہ عنقریب اتحادی حکومت کی کرپشن ٹرین کا ڈیزل ختم ہو جائیگا۔ تبدیلی کی ہوا چلنے سے حکمرانوں کے ستارے گردش میں آ گئے ہیں،2013ءقومی لٹیروں اور قومی مجرموں سے نجات کا سال ہے۔ عوام کو کس لیڈر اور کس کے ویژن پر اعتماد ہے۔ آنے والے عام انتخابات کے نتائج بتا دیں گے۔ یقیناً عوام اس محب وطن سیاسی جماعت اور قیادت کو مینڈیٹ دیں گے جس کا دل خوشی غمی میں ان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ میاں نواز شریف کی اصولی اور تعمیری سیاست جبکہ میاں شہباز شریف کی خدمات کے نتیجہ میں مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بینک مسلسل بڑھ رہا ہے افسوس مختلف سروے کے نتائج منظر عام پر آنے کے باوجود مدہوش حکمرانوں کی آنکھیں نہیں کھلیں ۔اپنے ایک بیان میں صائمہ شہزادی نے مزید کہا کہ وفاق میں پیپلزپارٹی والے گڈگورننس کے قیام میں بری طرح ناکام رہے۔ اگر کوئی پیپلزپارٹی میں آئے تو وہ اچھا اور اگر کوئی ضمیر کی آواز پر اسے چھوڑ دے تو وہ بہت برا، یہ منطق عوام کی سمجھ سے باہر ہے۔