یوتھ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں پرتپاک استقبال پر بھارتی صحافی جذباتی ہوگئے

یوتھ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں پرتپاک استقبال پر بھارتی صحافی جذباتی ...

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر) لاہور پریس کلب کی دعوت پر پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے دہلی اور چندی گڑھ پریس کلب کے وفد نے گزشتہ روز پنجاب سپورٹس بورڈ کا دورہ کیا اور پنجاب یوتھ اینڈ سپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ بھارتی صحافی نیشنل ہاکی سٹیڈیم پہنچے تو سٹیڈیم میں موجود ہزاروں تماشائیوں نے ان پرتپاک استقبال کیا۔ اپنا شاندار استقبال دیکھ کر بھارتی صحافی جذباتی ہوگئے۔ پجاب یوتھ اینڈ سپورٹس فیسٹیول کے چیف آرگنائزر ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود احمد خان اور ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر سید علی ہاشمی، سواپ کے سیکرٹری عامر رضا خان، خازن فرخ عطا بٹ، نائب صدر سہیل علی اور سجال کی ایگزیکٹو باڈی کے اراکین موسیٰ وڑائچ، حافظ شہباز علی، رانا آذر نور اور اظہر مسعود خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دہلی پریس کلب کے سیکرٹری انیل آنند نے پرتپاک استقبال پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سنا تھا کہ اہلیان لاہور بہت زندہ دل ہیں مگر آج اس کا حقیقی تجربہ ہوا ہے۔ ہمیں یہاں آکر یہ محسوس نہیں ہوا کہ کسی دوسرے ملک میں آئے ہیں بلکہ ہم خود کو اپنے گھر ہی میں محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے اہلیان پنجاب کو یوتھ فیسٹیول میں نئے ریکارڈ قائم کرنے پر مبارک باد دی۔ چندی گڑھ پریس کلب کے سیکرٹری خوشحال لالی نے کہا کہ پنجابی ریکارڈ توڑنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے اور میں بہت خوش ہوں کہ آج پنجاب ایک عالمی ریکارڈ قائم کرنے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان نہ صرف کھیلوں کے مقابلے ہونے چاہئیں بلکہ ثقافتی وفود کا تبادلہ بھی کرنا چاہئے۔ اس سے تعلقات بہتر ہوں گے۔ رانا مشہود احمد خان نے بھارتی صحافیوں کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم بہت خوش ہیں کہ بھارتی صحافی ہمارے ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیسٹیول میں مختلف ممالک کی 40 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں بھارت کے تین صوبوں کی ٹیمیں اپنے وزرائے اعلیٰ کے ہمراہ شرکت کریں گی۔

مزید :

صفحہ اول -