اصغرخان کیس سے ثابت ہوگیا کہ کونسی جماعت پیسے لے کراقتدار میں آئی :عمران خان

اصغرخان کیس سے ثابت ہوگیا کہ کونسی جماعت پیسے لے کراقتدار میں آئی :عمران خان

  

لاہور (وقائع نگار )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اصغر خان کیس سے ثابت ہو گیا کہ کونسی جماعت پیسے لے کر اقتدار میں آئی ، تحریک انصاف کو جنرل پاشا کی پیدوار کہنے والے خود ایجنسیوں کے پیدا کردہ ہیں، سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کے بعد قوم کی آنکھوں میں دھول جھوکنے والے بے نقاب ہو گئے ہیں ، پیسے کے غلام کبھی لیڈر نہیں بن سکتے ، صاحب اقتدار ٹولہ امریکی ڈالروں کے عوض جنگ لڑ رہا ہے، ملٹری آپریشن سے دہشت گردی میں مزید اضافہ ہو گا ، تحریک انصاف کا مقابلہ کوئی بھی جماعت نہیں کر سکتی ، کسی پارٹی میں حوصلہ ہے تو اپنی جماعت میں صاف اور شفاف انتخابات کروا کے دکھائیں۔ تحریک انصاف کے سونامی کو کوئی جماعت نہیں روک سکتی ، ہم ایک ظالم نظام کے غلام ہیں ، مظلوم طبقہ سونامی کے ساتھ ہے ، کراچی کے عوام چند عناصر کی وجہ سے خوفزدہ ہیں کسی جماعت میں جرات ہے وزیرستان یا کوئٹہ جا کر جلسہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ شکست کے خوف میں مبتلا کچھ لوگوں نے ہمیں وزیرستان جانے سے ڈرانے کی کوشش کی لیکن کارکن جان کی پرواہ کئے بغیر وزیرستان گئے' ہمیں خوف کے بت کو توڑنا ہو گا آج ہم خوف کے معاشرے کے غلام ہیں۔ وہ ہفتہ کے روز لاہورمیں ملک بھر سے پاکستان تحریک انصاف کی ممبر سازی مہم میں اعلی کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں ڈاکٹر یاسمین راشد ، شفقت محمود ، عندلیب عباس ، سعد یہ سہیل ،عدیل ہاشمی، نعیم الحق، اعجاز چوہدری ، میاں محمودالرشید ، فریدالدین سمیت کثیر تعداد میں ممبران نے شرکت کی ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف میں وہ لوگ آگے نہیں آئیں گے جن کے باپ دادا سیاست دان تھے یا وہ زمینوں اور پیسوں والے ہیں بلکہ وہ نوجوان لیڈر شپ آئے گی جو ذاتی نہیں بلکہ قومی سوچ رکھتی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -