جے پی مورگن پر 13 ارب ڈالر کا ریکارڈ جرمانہ عائد کردیا گیا

جے پی مورگن پر 13 ارب ڈالر کا ریکارڈ جرمانہ عائد کردیا گیا

واشنگٹن (این این آئی)امریکہ میں بینکنگ شعبے کی معروف ترین کمپنی جے پی مورگن پر 13 ارب ڈالر کا ریکارڈ جرمانہ عائد کردیا گیا ۔امریکی میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق قرض کی ضمانت معاملے کی تحقیقات کے بعد جے پی مارگن پر یہ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔اطلاعات کے مطابق معاملے میں امریکی محکمہ انصاف کے سینئر حکام کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے دوران معاملے میں عارضی یا وقتی معاہدہ ہوا ہے اس سے قبل قرضوں کی ضمانت میں اصل قیمت سے زیادہ قیمت پر فروخت کو 2007 میں امریکہ میں بینکاری کے نظام کو تباہی کے دہانے تک پہنچانے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔وال سٹریٹ جرنل نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جے پی مورگن کے وکلاءاور امریکہ کے اٹارنی جنرل ایرک ہولڈر اور ان کے نائب ٹونی ویسٹ کے درمیان ہوئی بات چیت کے بعد امریکی محکمہ انصاف عارضی طور پر اس نتیجے پر پہنچا کہ کمپنی اس سے عہدہ برآ ہونے کےلئے 13 ارب امریکی ڈالر کی خطیر رقم ادا کرے۔نیویارک ٹائمز کے مطابق سرمایہ کار بینک کسی معاہدے کے قریب ہے تاہم ابھی معاہدے کی جزیات پر بات چیت جاری ہے۔

اس کی تصدیق کےلئے نہ تو محکمہ انصاف اور نہ ہی بینک نے کوئی تبصرہ کیا ۔اگر اس بات پر اتفاق ہو جاتا ہے تو یہ کسی بھی امریکی کمپنی کی طرف سے اپنے انداز کی ادا کی جانے والی سب سے بڑی رقم ہوگی۔13 ارب امریکی ڈالر میں سے نو ارب امریکی ڈالر تو جرمانے کی رقم ہوگی باقی چار ارب امریکی ڈالر خسارے سے نبرد آزما مکان مالکان کی ریلیف کے لیے ہوں گے۔

مزید : کامرس