مسلم لیگ ( ن) کی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی‘ راشد بشیر سیال
کیپ ٹاؤن(بیورورپورٹ)مسلم لیگ (ن) کیپ ٹاؤن کے صدر راشد بشیر سیال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف کو عوام نے پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، شریف برادران ہی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی طاقت رکھتے ہیں کیپ ٹاؤن سے ’’پاکستان‘‘ کے بیورو چیف ندیم شبیر سے گفتگو کرتے ہوئے راشد بشیر سیال نے کہا کہ قوم سیاسی شعبدہ بازوں سے تنگ آ چکی ہے دھرنا سیاست کو عوام نے رد کردیا ہے باشعور عوام اب اس سازش کو مکمل طور پر پہچان گئے ہیں اس لئے ان کی منافقانہ سیاست اب نہیں چلے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ جاوید ہاشمی کی شکست کو مسلم لیگ ن کے کھاتے میں ڈالنا درست نہیں ہے شکست خوردہ عناصر نے مسلم لیگ ن کی مقبولیت سے خائف ہو کر اپنی سیاسی ساکھ کو بچانے کے لئے جلسوں کا سہارا لیا ہے لیکن جلسوں سے کسی جماعت کی مقبولیت کا ندازہ نہیں لگایا جاسکتا اصل فیصلہ تو عوام اپنے ووٹ کی قوت سے کریں گے۔مخالفین کا مڈٹرم الیکشن کا خواب کبھی پورا نہیں ہو گا مسلم لیگی کارکنا ن آئندہ سال بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں مسلم لیگ آج بھی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔