مہنگائی ،بدامنی اور بیروزگاری نے پاکستان کے وجود کو کھوکھلا کر دیا ہے، محمد علی یزدانی
لاہور (سٹاف رپورٹر)جمعیت اہلحدیث پاکستان کے مرکزی ترجمان حافظ محمد علی یزدانی نے کہاہے کہ پاکستان مسائل کا گڑھ بن چکاہے مہنگائی ،بدامنی ،لاقانونیت،اور بیروزگاری نے پاکستان کے وجود کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل اور مشکلات کا اصل سبب اسلامی نظام سے دور ی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ وطن ہم نے کلمہ طیبہ اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر حاصل کیا تھا۔لیکن آج ہم نے مذہب کو ریاستی معاملات سے علیحدہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے ملک کئی طرح کے تعصبات کا شکار ہو چکا ہے۔ اور ملک کی بنیادیں اندرونی طور پر کھوکھلی ہو چکی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اہلحدیث یوتھ فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ سودی معیشت نے ہماری اقتصادیات کو تباہ کر دیا ہے۔ اگر ہم اپنی اقتصادیات اور معیشت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو سودی نظام سے چھٹکارا حاصل کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد اسلامی نظام کانفاذ ہے۔ اور نفاذ اسلام کی منزل کو بندوق اور طاقت کی بجائے سٹریٹ پاور اور سیاسی قوت کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر اور جمہوریت کے ذریعے بنا ہے اور اس ملک میں اسلام اور جمہوریت کی بالا دستی کے لیے جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے نوجوانوں کو میدان عمل میں نکلنا ہو گا۔ اور اگر نوجوان میدان عمل میں نکل پڑیں تو اسلامی انقلاب کی منزل دور نہیں ۔