بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دوران ٹیلی فون لائنوں کی بندش سے صارفین پریشان
لاہور (خبر نگار ) گلبر گ ،گڑھی شاہواور گرد و نواح میں رہائش پذیر پی ٹی سی ایل کے ہزاروں صارفین بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دوران ٹیلی فون لائنوں کی بندش سے سخت کرب اور پریشانی میں مبتلا ہو گئے ۔پی ٹی سی ایل حکام نے معاملہ حل کرنے کی بجائے چپ سادھ لی ۔جس پر صارفین سراپا احتجاج بن گئے اور مظاہرے کی دھمکی دے دی۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی سی ایل کی گلبرگ میں واقع ٹیلی فون ایکسچینج کی لائنیں بجلی کی لوڈشیڈنگ شروع ہوتے ہی ڈیڈ ہو جاتی ہیں ۔ جس کے ساتھ ہی ہزاروں ٹیلی فونز خاموش ہو جاتے ہیں ۔جبکہ اس کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ سروسز بھی معطل ہو جاتی ہیں اور اس میں بجلی کے آنے کے بعد ٹیلی فون کی لائنیں تو بحال ہو جاتی ہیں لیکن اس میں انٹرنیٹ کی سروسز بحال نہیں ہوتی ہیں جس سے صارفین سراپا احتجاج بن کر رہ گئے ہیں۔صارفین کا کہنا ہے کہ اس میں پی ٹی سی ایل کی ایکسچینج میں متعدد بار شکایات کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے اور پی ٹی سی ایل کی انتظامیہ اس اہم اور سنگین مسئلہ کی جانب بھی متوجہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن پی ٹی سی ایل کی انتظامیہ نے بھی مکمل طور پر چپ سادھ رکھی ہے جس میں پی ٹی سی ایل حکام کی مسلسل خاموشی کے باعث ہزاروں صارفین سخت کرب اور پریشانی سے دو چار ہو کر رہ گئے ہیں اور پی ٹی سی ایل کی انتظامیہ کی خاموشی کے باعث جس میں پی سی ایل کمپنی کو لاکھوں روپے ماہانہ ریونیو کے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ وہاں ٹیلی فونز خاموش ہوتے اور انٹرنیٹ کی سروسز معطل ہونے سے ہزاروں صارفین کوملکی و بین الاقوامی رابطے میں بھی سخت دشواری سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ۔ جس پر ہزاروں صارفین نے پی ٹی سی ایل کے صوبائی ہیڈکوارٹرکے گھیراؤ کی دھمکی دے دی ہے۔ جبکہ اس حوالے سے پی ٹی سی ایل گلبرگ ایکسچینج کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیلی فون ایکسچینج بیٹریوں کی کمی کے بارے شکایت تھی۔اس میں بیٹریوں کے غائب ہونے کے بارے میں شکایت ہے جس کے باعث ایکسچینج کی چارجنگ میں دشواری پیش آرہی تھی۔ تاہم اس کے بارے شکایات کو دور کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیاجارہا ہے۔