محرم الحرام میں بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے کے سلسلے میں اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا اجلاس
لاہور ( خبرنگار) محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے کے سلسلے میں 90-شاہراہ قائد اعظم پر اتحاد بین المسلمین کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت رانا ثناءاللہ نے کی ان کے ہمراہ صوبائی وزراءبلال یاسین ، مجتبی شجاع الرحمن ، شجاع خانزادہ، ملک عطا محمد مانیکا اور ایم این اے پیر امیرالحسنات بھی موجودتھے- اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام و مشائخ عظام اور عمائدین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی- اجلاس میں تمام مکاتب فکر کے علماءکرام کی جانب سے محرم الحرام میں امن و امان ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو قائم رکھنے کے لئے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیاکہ موجودہ تمام مذہبی قوتوں کے نمائندے اور شخصیات محراب و منبر، دفاع وطن اور قومی و ملی سلامتی کے تقاضوں سے پوری طرح آگاہ ہیں اور ملک و قوم کے دفاع اور استحکام کے لئے ہر وقت سینہ سپر ہیں- علمائے کرام اور مذہبی و دینی شخصیات قومی یکجہتی ، ملکی استحکام ، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مجموعی امن و امان کے لئے ہمیشہ کی طرح اپنا اساسی و کلیدی کردار ادا کرتے رہیں گے -موجودہ ملکی و بین الاقوامی حالات کا تقاضا ہے کہ حکومتی حلقے ، سیاسی ، مذہبی و دینی قائدین سے رابطوں اور اشتراک عمل کو زیادہ موثر اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔ اورتمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اس بات پر متفق ہیں کہ کسی مسلمان کی دل آزاری نہ کی جائے ، ہم سب” اپنے مسلک کو چھوڑو نہ اور دوسروں کے مسلک کو چھیڑو نہ“ کی پالیسی پر سختی سے کاربند رہیں گے-تمام مکاتب فکر کے علماء/خطبا اور ذاکرین اپنے خطابات میں میانہ روی اور مثبت رویہ اختیار کریں - علمائے کرام اپنے خطبوں میں رواداری اور اتحاد امت پر بھی خصوصی زور دیں اور باہمی افتراق سے مکمل احتراز کریں-محرم الحرام میں امن و امان کی خاطر انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں گے-ایسی ہر تقریر اور تحریر سے گریز اور اجتناب کریں گے جو کسی بھی مکتبہ فکر کی دل آزاری اور اشتعال کا باعث بن سکتی ہے-دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پاک فوج نے آپریشن ” ضرب عضب“ جس جوانمردی ، دلیری اور شجاعت سے جاری رکھا ہوا ہے اس ہمت و حوصلہ کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے نیز اس آپریشن میں شہادت کا اعلی رتبہ پانے والے فوجی جوانوں کی جرات و شجاعت کو سلام پیش کرتی ہے-مشکل کی اس گھڑی میں ہم صبر ، حوصلے اور تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے وطن عزیز کو امن و امان کا گہوارہ بنا کر اسے مضبوط اور مستحکم کرنے کا عزم کرتے ہیں-