سنگدل خاتون نے شوہر سے جھگڑ کر دو بچوں سمیت چھت سے کود گئی ،3 ماہ کا بیٹا جاں بحق

Oct 21, 2014

لا ہور (شعیب بھٹی )فیصل ٹاؤ ن کے علاقہ میں سنگدل خاتون نے شوہر سے جھگڑے کے بعد کمسن بیٹے کو چوتھی منزل سے پھینک کر اس کی جان لے لی اور خود بیٹی کے ساتھ کود کر زخمی ہو گئی۔ اہل علاقہ وقوعہ میں پولیس کی روایتی بے حسی پر چیخ اٹھے۔ تفصیلا ت کے مطا بق لاہور کے علاقے فیصل ٹاؤن میں پولیس سٹیشن کیساتھ والی گلی میں محمد اسلام اپنے دو بچوں کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔ محمد اسلام کا اپنی بیوی عابدہ سے موبائل فون کی مرمت کی معمولی بات پر جھگڑا ہوا جس پر عابدہ آگ بگولہ ہو گئی اور اس نے اپنے تین ماہ کے لخت جگر صدام کو فلیٹ کی چوتھی منزل سے نیچے پھینک دیا اور خود دو سال کی بیٹی ام فاطمہ کے ساتھ چھت سے چھلانگ لگا دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔ محلے داروں نے واقعہ کی فوری طور پر ہمسائے میں واقع پولیس کو اطلاع دی لیکن پولیس نے ان کی جان بچانے کے لئے محلے داروں کو ریسکیو ٹیم بلانے کا مشورہ دیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کمسن صدام نے سڑک پر تڑپ تڑپ کر جان دیدی۔ محلے داروں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس کوشش کرتی تو بچے کی جان بھی بچائی جا سکتی تھی۔ ام فاطمہ اور عابدہ کو جناح ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے جہاں دونوں کی حالت تشویشناک ہے۔ مقتول کے والد کے بیان پر ملزمہ والدہ فاطمہ کے خلاف قتل اور اقدام خودکشی کی دفعات کے تحت مقدمہ 893/14درج کرلیا گیا ہے۔قانونی کاروائی جاری ہے۔

مزیدخبریں