فوڈ اتھارٹی کے چھاپے ،6غیر قانونی مذبحہ خانے سیل ،6500کلو ناقص گوشت برآمد
لاہور(جنرل رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ناقص گوشت کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 6500کلو ناقص گوشت، 1000کلو چربی اور باقیات سے نکلا ہوا 800لیٹر تیل برآمد کر کے چھ غیر قانونی مذبح خانے اور ایک یونٹ سیل کر دیا گیا ۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق ویجیلنس ونگ کی اطلاع پر بکر منڈی میں 6غیر قانونی مذبح خانے سیل کیے گئے جہاں پربیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت تیار کیا جاتا تھا۔انہوں نے بتایا کہ مضر صحت گوشت کو الی لگے گندے فریزروں میں ذخیرہ کیا جا رہا تھا جبکہ ناقص گوشت کو جعلی مہریں لگا کر مارکیٹ میں فروخت کیا جاتا تھا۔ بکر منڈی میں ہی ذبح خانوں کی باقیات سے تیل تیار کرنے والا یونٹ بھی پکڑا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق غیر قانونی ذبح خانے جانوروں کی باقیات سے تیل تیار کرنے کے مکروہ دھندے کو بھی فروغ دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ناقص گوشت کے خاتمے کے لیے ویجیلنس اور میٹ سیفٹی ٹیمیں صوبہ بھر میں متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ستھری اور معیاری کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی ہمارا مشن ہے