تجاوزات کے خلافآپریشن،115کنال قیمتی سرکاری اراضی واگزار
لاہور(جنرل رپورٹر،اپنے نمائندے سے )ضلعی انتظامیہ کا انسداد تجاوزات اور سرکاری زمین کی واگزاری کا آپریشن پوری تیزی کے ساتھ جاری ہے اور آج بھی تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے اپنی حدود میں انسداد تجاوزات اور زمین واگزاری کے پانچ مختلف آپریشنز میں مجموعی طور پر 115کنال 9مرلے کمرشل و زرعی زمین مالیتی 56 کروڑ کو واگزار کروالیا۔ کمرشل جگہوں پر بنے ہوئے عارضی و پختہ عمارتوں، حویلیوں، چار دیواریوں کو گرا دیا گیا۔ زرعی رقبہ میں فصلوں پر ٹریکٹر چلا دیا گیا۔ اے سی سٹی صفدر حسین ورک نے شاہدرہ میں دو مقامات پر آپریشن کیا۔ ایل ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اظہر کی سربراہی میں ایک اور آپریشن میں جوہر ٹاؤن میں ایک نیلام گھر مسمار اور پانچ پلاٹ سیل کر دیے۔مجموعی طور پر ابتک 16ارب سے زائد کی 3757 کنال اراضی واگزار کرا ئی جا چکی ہے
تحصیل کینٹ کے موضع جامن میں اے سی کینٹ حید ر عباس وٹو نے8کنال 11مرلے جگہ مالیتی ایک کروڑ10لاکھ کو واگزار کروایا۔ تحصیل ماڈل ٹاؤن میں اے سی مظہر علی نے کوٹ لکھپت روڈ کے دونوں اطراف سے مجموعی طور پر 4کنال 7مرلے جگہ مالیتی47کروڑ روپے کو واگزار کروایا۔ اسطرح تحصیل رائیونڈ میں اے سی عاصم سلیم نے موضع مسالہ میں قبرستان کی جگہ4کنال11مرلے کو واگزار کروایا اور اس پر بنے سٹریکچرز کو مسمارکر دیا۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ نے اب تک کے آپریشن میں مجموعی طور پر 3872کنال سرکار کی جگہ کو واگزار کروایا ہے جس کی مجموعی طور پر مالیت 16ارب64کروڑ70لاکھ روپے ہے۔ ڈی سی لاہور کیپٹن(ر) انوار الحق نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ بلا تفریق تجاوزات اور سرکاری زمین کی واگزاری کے آپریشن کو جاری رکھے ہوئے ہے اور آئندہ دنوں آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے گی۔