خواتین میں چھاتی کا کینسر،پاکستان جنوبی ایشیاء میں سر فہرست

خواتین میں چھاتی کا کینسر،پاکستان جنوبی ایشیاء میں سر فہرست

  

کراچی( آن لائن ) شوکت خام میموریل ہسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر کی ڈاکٹر رباب زہرہ نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین میں چھاتی کے سرطان کی بیماری پھیلنے کا رحجان ایشائی ممالک میں سب سے زیادہ ہوگیا،ہر آٹھ خواتین میں سے ایک خاتون اس بیماری کا شکار ہوتی ہے۔تفصیلات کے مطابق سرطان کے عالمی دن کے موقع پر محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی میں خواتین میں سرطان کی بیماری سے متعلق آگاہی کے موضوع پر دیئے جانے والے لیکچر کے دوران ڈاکٹر رباب زہرہ نے بتایا کہ چھاتی کے کینسر کی بیماری ہمارے ہاں خواتین میں اب بہت عام ہوگئی ہے جبکہ یہ بیماری مردوں کو بھی ہوجاتی ہے لیکن اس کی شرح بہت کم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں نوجوان خواتین میں اس بیماری کے پھیلنے کی شرح اب بہت عام ہوچکی ہے جبکہ مغرب میں یہ 60 سال سے زائد العمر افراد کو لاحق ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمومی طور پر یہ بیماری انسانوں کو بغیر کسی نسلی،لسانی،فرقہ وارانہ اور وراثت کے امتیاز کے لاحق ہو جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سرطان کے مریضوں کی شرح اموات زیادہ ہونے کی وجوہات میں مرض کی تشخیص میں تا خیر،اس کے مہلک اثرات سے بے خبری اورعلاج میں سستی و غفلت سے کام لینا وغیرہ شامل ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -