سعودی عرب کی جمال خشوگی کے قتل کی تصدیق ، اقوام متحدہ کا اظہار تشویش ، سعودی وضاحت قابل اعتبار ہے ، صدر ٹرمپ

سعودی عرب کی جمال خشوگی کے قتل کی تصدیق ، اقوام متحدہ کا اظہار تشویش ، سعودی ...

  

ریاض/نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی) سعودی عرب نے اپنے استنبول قونصل خانے میں صحافی جمال خشوگی کے قتل کی تصدیق کردی۔ مقامی میڈیا کے مطابق سعودی پراسیکیوٹرنے کہا کہ دو اکتوبر کو جب خشوگی قونصل خانے آئے تووہاں موجود افراد سے ان کی لڑائی ہوئی جس کانتیجہ خشوگی کی موت کی صورت میں نکلا اور ان افراد نے موت پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی۔مقامی میڈیا کے مطابق خشوگی سے لڑائی کاسبب نہیں بتایا گیا اور یہ بھی واضح نہیں کیاگیاکہ خشوگی کی میت کہاں ہے۔سعودی مملکت کی جانب سے صحافی کی موت پر افسوس کااظہار کیا گیا ہے جبکہ پراسیکیوٹر نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ کے بعد سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دو مشیروں سمیت 5 اہم شخصیات کوعہدوں سے برطرف کردیا گیاہے جن میں سعودی انٹیلی جنس کے نائب سربراہ بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ 18 سعودی شہریوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے تاہم ان پر الزامات کی نوعیت واضح نہیں کی گئی۔دوسری جانب سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے انٹیلی جنس کی تشکیل نو کیلئے ولی عہد شہزادہ محمد کی سربراہی میں وزارتی کمیٹی قائم کردی ہے جو ایک ماہ میں رپورٹ دے گی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے سعودی صحافی جمال خشوگی کی موت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف اور جامع حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کر دیا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق انتونیوگوتریس نے کہا کہ پتہ چلایا جائے جمال خشوگی کی موت کن حالات میں واقع ہوئی۔دوسری جانب امریکی صدر ڈو نلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ صحا فی جما ل خشو گی کے قتل پر سعودی وضاحت قابل اعتبار ہے لہٰذاسعودی عرب پر کسی بھی پابندی میں دفاعی سودوں کی منسوخی شامل نہیں ہونی چاہیے۔وائٹ ہاوس نے خشو گی کی موت پر دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ سانحہ کی عالمی تحقیقات پرنظررکھیں گے۔

جمال خشوگی

مزید :

صفحہ اول -