سکواش کی ترقی کے لئے جہانگیر خان میدان میں

سکواش کی ترقی کے لئے جہانگیر خان میدان میں

  

پاکستان میں سکواش کے کھیل میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے۔ اگر ماضی کی طرح اس کھیل پر توجہ دی جائے تو جس طًرح سے اس کھیل میں جہانگیر خان اور جان شیر خان نے راج کیا آج ایک مرتبہ دوبارہ وہ دور پھر لوٹ کر آسکتا ہے۔ حکومت دیگر کھیلوں کی طرح اس کھیل کی ترقی او ر اس کی ماضی میں جو حیثیت تھی اس کو بحال کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔اس وقت پاکستان میں سکواش کے ٹورنامنٹس کا متواتر کے ساتھ انعقادکیا جارہا ہے جس سے امید کی جاسکتی ہے کہ اب یہ کھیل پاکستان میں جلد پروان چڑھے گا۔ پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے زیراہتمام فلیٹیز انٹرنیشنل مین اینڈ ویمن سکواش ٹورنامنٹ 2018ء طیب اسلم اور ملیسا ایلوس نے جیت لیا۔ مردوں کے فائنل میں طیب اسلم نے انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد ملائیشیا ایون یون کو 3۔2 سے ہرا کر ٹائٹل جیتا۔دونوں فائنلز دیکھنے کے لئے تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔اس موقع پر فلیٹیز ہوٹل کے ڈائریکٹر آپریشنز ارشاد بی انجم، بحریہ ٹاؤن سے امبر ریاض ملک،ملائیشین ہائی کمشنر اکرام بن ابراہیم، وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور، وزیر فوڈ سمیع خان، سکواش لیجنڈ جہانگیر خان، پاکستان سکواش فیڈریشن کے سیکرٹری طاہر سلطان، پنجاب سکواش ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ندیم مختار، سیکرٹری شیراز سلیم، خزانچی طارق صدیق ملک، نائب صدر طارق فاروق رانا، لاہور کی بزنس مین کمیونٹی، سکواش سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ ایون یون نے پہلی گیم جیتی جبکہ طیب اسلم نے دوسری گیم جیتی،تیسری گیم ایون یون نے جیتی،جبکہ چوتھے اور پانچویں گیم طیب اسلم نے جیت کر میچ اپنے نام کیا۔ اس موقع پر لوگوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ ادھر خواتین کے فائنل میں فرانس کی ملیسیا ایلوس نے مصر کی فریدہ محمد کو 11/2, 11/7, 5/11, 12/10 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دونوں خواتین کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔ فائنل جیتنے کے بعد ملیسا کا کہنا تھا کہ پہلی بار پاکستان آئی ہوں اور یہاں آکر اچھا لگا ہے۔ شکریہ لاہور، شکریہ پاکستان دوبارہ آؤں گی۔ فائنل جیتنے کے بعد طیب اسلم کا کہنا تھا کہ بہت زیادہ خوش ہوں کہ اپنے شہر میں ایک انٹرنیشنل ٹورنامنٹ جیتا۔ اختتام پر صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور، جہانگیر خان اور ارشاد بی انجم نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

مزید :

ایڈیشن 1 -