اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئے چیف جسٹس کیلئے جسٹس جمال خان مندو خیل سمیت چار نام زیر غور

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئے چیف جسٹس کیلئے جسٹس جمال خان مندو خیل سمیت چار ...

  

لاہور(سعید چودھری)مقتدر عدالتی حلقوں میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں نئے چیف جسٹس کے تقرر کیلئے بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس جمال خان مندوخیل کے نام پر غور کیا جارہاہے۔اعلیٰ سطحی عدالتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس محمد انور خان کاسی کی ریٹائرمنٹ کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس اطہر من اللہ کی بجائے کسی دوسری ہائی کورٹ کے سینئر جج کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کرکے انہیں وہاں کا چیف جسٹس مقرر کرنے کا جائزہ لیا جارہاہے ،اس سلسلے میں پہلی ترجیح بلوچستان ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جمال خان مندوخیل ہیں تاہم دیگرہائی کورٹس کی ایک خاتون سمیت دو ججوں کے نام بھی اس عہدہ کے لئے زیر غور ہیں۔جسٹس جمال خان مندو خیل 7ستمبر2009ء کو بلوچستان ہائی کورٹ کے جج مقرر ہوئے تھے اور اس وقت وہاں کی چیف جسٹس کے بعد سینئر ترین جج ہیں۔اسلام آباد ہائی کور ٹ کے موجودہ چیف جسٹس محمدانور خان کاسی آئندہ ماہ 27نومبر کو اپنے عہدہ سے ریٹائر ہو جائیں گے ،ان کے بعد جسٹس شوکت عزیز صدیقی سینئر ترین جج تھے جنہیں چند روز قبل سپریم جوڈیشل کونسل کی سفارش پر فارغ کیا جاچکا ہے ،اب مسٹر جسٹس اطہر من اللہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں ،انہیں 27جون 2014ء کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا جج مقرر کیا گیا تھا ۔ذرائع کے مطابق اعلیٰ عدالتی شخصیات کا خیال ہے کہ چیف جسٹس کے عہدہ پر ایسے شخص کا تقرر ہونا چاہیے جس نے بطور جج 5سال کام کررکھا ہوجبکہ جسٹس اطہر من اللہ اس درجہ بندی پر پورا نہیں اترتے۔آئین کے آرٹیکل200کے تحت ایک ہائی کورٹ کے جج کا دوسری ہائی کورٹ میں تبادلہ ہوسکتا ہے ،متعلقہ جج کی رضامندی ،دونوں ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کی منظوری کے بعد ایسا تبادلہ ہوسکتا ہے۔دوسری ہائی کورٹ میں ٹرانسفر ہو کر جانے والے جج کی سنیارٹی اس کی پہلی ہائی کورٹ میں تعیناتی کی تاریخ سے ہی طے ہوگی ،اس لحاظ سے اگر جسٹس جمال خان مندوخیل کا تبادلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہو جاتا ہے تو وہ وہاں سینئر ترین جج ہوں گے ،جس کے باعث جسٹس محمد انور خان کاسی کی ریٹائرمنٹ کے بعد چیف جسٹس کے عہدہ پر تقرر ان کا استحقاق ہوگا۔ذرائع کے مطابق موجودہ چیف جسٹس اسلام آباد کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس عہدہ پر کسی دوسری ہائی کورٹ کے سینئر جج کا براہ راست تقرر بھی کیا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ/ چیف جسٹس

مزید :

صفحہ اول -