نہال ہاشمی کا پاک فوج سے متعلق متنازعہ بیان پیمرا کا نوٹس ،شہری کی مقدمہ کیلئے درخواست

نہال ہاشمی کا پاک فوج سے متعلق متنازعہ بیان پیمرا کا نوٹس ،شہری کی مقدمہ ...

  

اسلام آباد،لاہور(سٹاف رپورٹر) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگیولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کی جانب سے فوج کے حوالے سے متنازعہ بیان کو نشر کرنیوالے نیوز چینلز کو قواعد کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کردیا ۔پیمرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شوکاز نوٹس میں نہال ہاشمی کے ریاستی اداروں کیخلاف متنازعہ اور قابل اعتراض بیان نشر کرنے والے نیوز چینلز کو کہا گیا کہ ایک ایسے شخص کو جگہ کیوں دی گئی جو ماضی میں متنازعہ بیانات دیتے رہے ہیں،کیوں نہ آپ کیخلاف کارروائی کی جائے جس کا نتیجہ جرمانہ یا چینلز کی معطلی بھی ہوسکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سابق سینیٹر سید نہال ہاشمی نے ملکی ترقی میں سیاست دانوں کے کردار کا دفاع کرتے ہوئے مسلح افواج پر تنقید کی تھی۔نہال ہاشمی نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مسلح افواج نے ملک کی ترقی اور بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا اور دفاع کی خاطر حاصل کیا گیا اسلحہ ’’محض شو پیس‘‘ ہے۔ان کا بیان میڈیا میں نشر ہوتے ہی مسلم لیگ (ن) نے سابق سینیٹر کی جانب سے فوج کے حوالے سے دئیے گئے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کردیا۔سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نہال ہاشمی کے بیان سے پارٹی کا کوئی لینا دینا نہیں اور یہ ان کے ذاتی خیالات ہیں،نہال ہاشمی کو مسلم لیگ (ن) سے خارج کردیا گیا تھا اس لیے پارٹی ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کرسکتی۔ رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں سے ہر کوئی اختلاف کرسکتا ہے لیکن احتجاج ریکارڈ کرنے کا یہ کوئی طریقہ نہیں ہے۔دوسری جانب تجمل حسین ایڈووکیٹ نے سابق سینیٹر نہال ہاشمی کی جانب سے پاک فوج سے متعلق متنازعہ بیان پر ان کیخلاف رروائی کیلئے لاہور کے تھانہ سول لائن میں درخواست دائر کر دی۔ تجمل حسین ایڈووکیٹ نے درخواست میں کہاکہ نہا ل ہاشمی کے پاک فوج سے متعلق متنازعہ بیان پر قوم کو دلی دکھ ہوا،جس پر ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

نہال ہاشمی/پیمرا

مزید :

صفحہ اول -