قومی اسمبلی ایک ،صوبائی اسمبلی کی 2نشستوں پر ضمنی الیکشن آج ہوگا

قومی اسمبلی ایک ،صوبائی اسمبلی کی 2نشستوں پر ضمنی الیکشن آج ہوگا

  

اسلام آ با د (آ ئی این پی)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 کراچی، پی ایس 111 کراچی اور پی کے 71 پشاور میں ضمنی انتخاب (آج)اتوار وک ہوگا، تینوں حلقوں میں منتخب ارکان مستعفی ہوئے، جس میں ایک صدر مملکت اور دو نے گورنرز کے عہدے سنبھالے ہیں،تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات پرامن طریقے سے منعقد کرانے کے لئے تمام ضروری انتظامات مکمل کرلئے ہیں،قومی اسمبلی کے حلقہ این اے247 کی نشست صدرعارف علوی جبکہ پی ایس111کی نشست گورنرسندھ عمرا ن اسماعیل نے چھوڑی تھی جبکہ پی کے71شاہ فرمان کی گورنر خیبرپختونخواکے بعد خالی ہوئی تھی۔حلقہ این اے247کے نمایاں امیدواروں میں تحریک انصاف کے آفتاب حسین صدیقی، پاک سرزمین پارٹی کے ارشدووہرا، ایم کیوایم پاکستان کے صادق افتخار اور پیپلزپارٹی کے قیصرخان نظامانی ہیں۔پی ایس111کیلئے پی ٹی آئی کے شہزادقریشی، ایم کیوایم پاکستان کے جہانزیب مغل ،مسلم لیگ (ن)کے محمدزاہدحسین ،پیپلزپارٹی کے محمدفیاض پیرزادہ، پاک سرزمین پارٹی کے یاسر الدین اورسماجی کارکن محمدجبران ناصرشامل ہیں۔پی کے اکہتر پر تحریک انصاف کے ذوالفقارخان، عوامی نیشنل پارٹی کے صلاح الدین اورتین آزاد امیدواروں سمیت پانچ امیدوار وں کے درمیان مقابلہ ہے۔الیکشن کمیشن نے این اے 247 کراچی،پی ایس 111 کراچی اور پی کے 71 پشاور کے حلقوں کی پولنگ اسکیم جاری کر دی ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 247 میں 5 لاکھ 46 ہزار 451 ووٹرز ضمنی انتخاب میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ پی ایس 111 کراچی میں 80 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے ہیں،جہاں 1 لاکھ 78 ہزار 965 ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کرینگے، این اے 247 کراچی میں 240 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں،جس کے لئے 940 افراد پر مشتمل پولنگ عملہ اپنے فرائض انجام دے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق پی ایس 111 میں 80 پریزائڈنگ افسران اور 320 اسسٹنٹ پولنگ افسران فرائض انجام دیں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق این اے247 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 451 اور پی ایس 111 میں تعداد ایک لاکھ 78ہزار 965 ہے۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ این اے 247 کے لیے 240 پولنگ اسٹیشنز اور پی ایس 111 کے لیے 80 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جب کہ پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق این اے247 میں 12 امیدوار حصہ لے رہے ہیں اور پی ایس 111 میں 16 امیدوار میدان میں ہیں۔

ضمنی انتخاب

مزید :

کراچی صفحہ اول -