شہید ملت کی قربانی ملکی بقاء کے لیے تھی ،ہما بخاری

شہید ملت کی قربانی ملکی بقاء کے لیے تھی ،ہما بخاری

  

کراچی(پ ر)شہید ملت کی قربانی پاکستان کی بقاء کی ضمانت ہے، یہ بات لیاقت علی خان کی 67 ویں برسی کے موقع پر سوشل اسٹوڈنٹس فورم کے زیرِ اہتمام شہید ملت گورنمنٹ گرلز کالج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نیو پورٹ یونیورسٹی کی وائس چیئرپرسن ہما بخاری نے کہی۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت علی خان کی پوری زندگی سچائی اور دیانتداری سے گزری اور انہوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا تن ،من،دھن اور اپنے خون سے پاکستان کی عمارت کو مضبوط و استحکام عطا کیا۔ شہید ملت کی شہادت ان کی ملک سے وفاداری اور سچی محبت کا ثبوت ہے۔ صدر تقریب 25 کتابوں سے زیادہ کے مصنف رضی الدین سید نے کہا کہ لیاقت علی خان کی شہادت حق و صداقت کی اعلیٰ مثال ہے۔ قبل ازیں فورم کے چیئرمین نفیس احمد خان نے خطبۂ استقبالیہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے اسلاف اور اس ملک پاکستان سے محبت کرنے والوں کو یاد اس لیے کرتے ہیں اور ان کے کارناموں کو دھراتے ہیں تاکہ ہمارے طالب علم اور نوجوان اپنے بزرگوں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے اس ملک کی قدر کریں اور محب وطن بن کر ملک کا نام روشن کریں۔ تقریب سے خالد محمود میرؔ ، انجینئر وسیم احمد فاروقی، خاکسار تحریک کے پروفیسر ڈاکٹر حلیم سید علی نصر عسکری، حکیم محمد اظہر بھنبوری، سید طارق شاہ، امریکہ سے آئے ہوئے فورم کے ایڈیشنل سیکریٹری، مسعود احمد وصی، وائس چیئرمین فہیم برنی، سیکریٹری جنرل سید شائق ایاز(شہاب)، وقار زیدی، ناز عارف، محمد شاہد، جاوید شیخ، محمد سعید، قیصر جمال و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریری مقابلے میں اول آنے والے جامعہ کراچی کے کاشف ، دوئم آنے والی جامعہ کراچی ہی کی افشاں حسین، جبکہ نشان ظفر بھی جامعہ کراچی نے حاصل کیا۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کالج کی طلبہ سارہ محمد امین نے جبکہ نعت رسول ﷺ مقبول شمائمہ جمیل نے پیش کی۔ آخر میں فورم کے سوشل سیکریٹری جاوید شیخ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ شہید ملت گورنمنٹ گرلز کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شائستہ اقبال نے بھی کالج کی طرف سے شکریہ ادا کیا۔ آخر میں تمام مہمانوں کو فورم کا نشانِ سپاس پیش کیا گیا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -