ضمنی الیکشن: این اے 247، پی ایس 111 اور پی کے 71 میں پولنگ جاری
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247، سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 پر ضمنی انتخاب کےلئے پولنگ جاری ہے، جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247 پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پی ایس 111 پر گورنر سندھ عمران اسماعیل فاتح قرار پائے تھے تاہم عارف علوی اور عمران اسماعیل کے منصب سنبھالنے کے بعد یہ نشستیں خالی ہوئیں جن پر آج ضمنی انتخاب کےلئے پولنگ ہورہی ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے این اے 247 پر آفتاب صدیقی، ایم کیو ایم کی طرف سے صادق افتخار، پیپلزپارٹی کی جانب سے قیصر نظامانی اور پاک سرزمین پارٹی کے ارشد وہرہ میدان میں ہیں۔
دوسری جانب پی ایس 111 پر تحریک انصاف کے شہزاد قریشی، پی ایس پی کے یاسرالدین، ایم کیو ایم پاکستان کے جہانزیب مغل، پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ اور آزاد امیدوار جبران ناصر میدان میں ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے247 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 451 اور پی ایس 111 میں ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 78ہزار 965 ہے۔الیکشن کمیشن نے بتایا کہ این اے 247 کےلئے 240 پولنگ سٹیشنز اور پی ایس 111 کےلئے 80 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے ہیں۔
پشاور میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 کی نشست گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے عہدہ سنبھالنے کے بعد چھوڑی تھی۔اس حلقے پر ضمنی الیکشن کے سلسلے میں گورنر خیبر پختونخوا کے بھائی سمیت 5 امیدوار مدمقابل ہیں۔پی کے 71 کے ایک پولنگ سٹیشن کا ایک منظر، حلقے کے 51 پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے،شاہ فرمان کے بھائی ذوالفقار خان کا اصل مقابلہ عوامی نیشنل پارٹی کے صلاح الدین سے ہے جبکہ تین آزاد امیدوار بھی انتخابی دنگل میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 451 ہے جن میں مرد ووٹرز 79ہزار 836 اور خواتین ووٹرز 53 ہزار 615 ہیں۔ اسی طرح حلقے میں ک±ل پولنگ سٹیشنز کی تعداد 86 ہے جن میں 48 مردوں اور 35 خواتین کے لیے ہیں۔ اس حلقے کے 51 پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔