”کوکو کورینا سے مجھے بہت پیار ملا“ احد رضا میر نے کوک سٹوڈیو کو ’ چار چاند‘ لگانے کے بعد یہ بات کہی تو آگے سے پاکستانیوں نے ان کا کیا حشر کیا ؟ جان کر آپ بھی کانوں کو ہاتھ لگالیں گے

”کوکو کورینا سے مجھے بہت پیار ملا“ احد رضا میر نے کوک سٹوڈیو کو ’ چار چاند‘ ...
”کوکو کورینا سے مجھے بہت پیار ملا“ احد رضا میر نے کوک سٹوڈیو کو ’ چار چاند‘ لگانے کے بعد یہ بات کہی تو آگے سے پاکستانیوں نے ان کا کیا حشر کیا ؟ جان کر آپ بھی کانوں کو ہاتھ لگالیں گے

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ” کوک سٹوڈیو “ یہ نام سنتے ہی کچھ عرصہ پہلے تک کسی بھی پاکستانی کے ذہن میں یہی بات آتی تھی کہ بہترین موسیقی کا سب سے بڑا پلیٹ فارم، لیکن حالیہ سیزن نے لوگوں کو اتنا مایوس کیا ہے جتنا شاید کوئی شخص خود کشی سے پہلے ہوتا ہوگا۔ اس مایوسی میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب اداکار احد رضا میر اور مومنہ مستحسن نے شہرہ آفاق گانے ’ کوکو کورینا‘ کا انتہائی عمدگی کے ساتھ ’ بیڑہ غرق ‘ کیا، اس پر مستزاد یہ کہ احد رضا میر کی جانب سے اس ڈیزاسٹر پر بھرپور فخر کا اظہار بھی کیا جارہا ہے ۔

اداکاری میں ’جھنڈے‘ گاڑنے کے بعد احد رضا میر نے کوک سٹوڈیو کے ذریعے گلوکاری کے شعبے میں ایسی چھلانگ لگائی کہ پاکستانیوں کو کانوں میں انگلیاں ٹھونسنے پر مجبور کردیا۔ موصوف کے کانفیڈنس کا یہ عالم ہے کہ کوکو کورینا کو ’ چار چاند‘ لگانے کے بعد خوشی سے پھولے نہیں سمارہے۔ احد رضا میر نے گانے کی مبینہ تعریف اور مبینہ پیار ملنے پر ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا ”میں ہر شخص کا شکر گزار ہوں، خاص طور پر اپنے فینز کا کیونکہ انہوں نے مجھے کوک سٹوڈیو میں گانا گانے پر بہت زیادہ پیار سے نوازا ہے، یہ بات ناقابل بیان ہے کہ آپ کا یہ پیار میرے لیے کیا اہمیت رکھتا ہے، یہ میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے کہ میں نے اس سال کے کوک سٹوڈیو میں گلوکاری کی، آپ کیلئے بہت سا پیار “۔

اب اگر کسی شخص نے اوریجنل ” کوکو کورینا “ سنا ہوا ہو اور اس کے بعد کوک سٹوڈیو میں گایا جانے والا یہی گانا دوبارہ سنا ہو تو اس کی ذہنی حالت کیا ہوسکتی ہے ، یہ بات وہی جانتے ہیں جو اس اذیت سے گزر چکے ہیں۔ اب اگر اتنے شاندار طریقے سے اتنے بہترین گانے کا بیڑہ غرق کیے جانے کے بعد اتنے کانفیڈنس سے ٹویٹ کی جائے تو پاکستانیوں کا غصے کا اظہار فطری عمل ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ احد رضا میر کو بھی ٹوئٹر پر ایسی باتیں سننے کو ملی ہیں۔

اس سے پہلے کہ آپ لوگوں کے احد رضا  میر کے ٹویٹ پر جوابات جانیں احمد رشدی کا کوکو کورینا سن لیں ۔

اینکر پرسن علی عارف نے احد رضا میر کی بات پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ان لوگوں کے نام مانگ لیے جنہوں نے ان کے گانے کی تعریف کی ہے۔

علی خٹک نے احد رضا میر کی بات کو اوور ایکٹنگ قرار دیتے ہوئے انہیں جرمانہ عائد کرنے کی تجویز دی۔

احد نے احد رضا میر کو تھوڑی شرم دلانے کی کوشش کی۔

فتنہ نامی ٹوئٹر ہینڈل سے احد رضا میر کے کانفیڈنس کو ٹیلنٹ قرار دیا گیا۔

ٹرولنگ سوسائٹی نے احد رضا میر کو مخاطب کرکے کہا’ جانی تیرے اس گانے کے بعد عوام نے سوشل میڈیا پر تیری جتنی آتما رول دی ہے ناں، اگر میں تیری جگہ ہوتا تو اب تک شرم سے ڈوب کر مرجاتا‘۔

فضہ نے اس تصویر کے ذریعے احد رضا میر کو شرم دلانے کی کوشش کی۔

عمر نے وہ بات کہی جو سنہرے حروف میں لکھے جانے کے قابل ہے ، انہوں نے لکھا ’یہ والا نشہ کرنا ہے مجھے جس سے احد جیسا کانفیڈنس آجائے میرے پاس‘۔

مہوش نے احد رضا میر جیسے کانفیڈنس کی خواہش کا اظہار کیا تو فرقان کو احد کی سادگی پر ہنسی آگئی اور انہوں نے امکان ظاہر کیا کہ موصوف سینسر شدہ کمنٹس پڑھ رہے ہوں گے ۔ مہوش نے کہا کہ اگر احد رضا میر غیر سینسر شدہ تبصرے پڑھ لیتا تواس کی ایسا ٹویٹ کرنے کی کبھی ہمت نہ ہوتی۔

سالار نے کہا کہ ایسی چرس کوئی انہیں بھی لادے۔

اگر آپ کو تجسس ہورہا ہے تو مومنہ مستحسن اور احد رضا میر کا کارنامہ اپنی آنکھوں سے دیکھ اور اپنے ہی کانوں سے سن لیں، یہاں یہ بات بھی یاد رکھیے کہ گانا آپ اپنے رسک پر سنیں گے ،  طبیعت میں خرابی پیدا ہو، متلی آنے لگے یا آپ بال  نوچ لیں یا پھر سر گھومنے کی شکایت ہوئی تو ادارہ اس کا ذمہ دار نہ ہوگا۔

گئے وقتوں کی بات ہے کہ علی حیدر اور احمد جہانزیب نے بھی " کوکو کورینا " گایا تھا لیکن آج تک کسی کی ہمت نہیں ہوئی کہ ان پر انگلی بھی اٹھاسکے ۔ احمد جہانزیب اور علی حیدر کی جانب سے اسی گانے کی کاپی آپ خود سن کر فیصلہ کریں۔

مزید :

اہم خبریں -تفریح -