کراچی میں ضمنی انتخاب کے دوران تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے کارکن آمنے سامنے آ گئے
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی میں ضمنی انتخاب کے دوران تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے کارکن آمنے سامنے آ گئے اور ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں این اے 247 ،پی ایس 111 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ جاری ہے،کراچی کے علاقے لکی سٹار کے قریب پی ٹی آئی اور ایم کیوا یم کے کارکنان آمنے سامنے آگئے،اس موقع پر دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرے بازی کی،تاہم انتظامیہ نے دونوں جماعتوں کے درمیان بیچ بچاﺅ کرایا۔
واضح رہے کہ کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247 پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پی ایس 111 پر گورنر سندھ عمران اسماعیل فاتح قرار پائے تھے تاہم عارف علوی اور عمران اسماعیل کے منصب سنبھالنے کے بعد یہ نشستیں خالی ہوئیں جن پر آج ضمنی انتخاب کےلئے پولنگ ہورہی ہے۔