اپنی بیگمات سے تنگ آکر مرد یہ کیا چیز جلارہے ہیں؟ حقیقت جان کر آپ کو بھی ہنسی آجائے گی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت سمیت دنیا بھر میں ہندومت کے ماننے والوں نے گزشتہ دنوں ’دوسہرا‘ کا تہوار منایا۔ اس تہوار کی خاص بات یہ ہے کہ اس روز ہندو اپنی مقدس کتاب رامائن میں بیان کردہ داستان کے راکھشس کردار ’راون‘ کا پتلا جلاتے ہیں جو لنکا کا بادشاہ تھا، لیکن اس سال دوسہراکی رات بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ایک گاﺅں میں مردوں نے راون کی بجائے اس کی بہن ’سورپ نکھا‘کا پتلا جلا ڈالا، جس کی وجہ ایسی ہے کہ سن کر آپ کے لیے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مہاراشٹر کے ضلع اورنگ آباد میں واقع گاﺅں کیرولی میں مردوں نے سورپ نکھا کا پتلا اس لیے جلایا کیونکہ ان کی بیویاں انہیں ہراساں کرتی ہیں۔ بیویوں کی ہراسگی کے شکار ان مردوں نے ’پتنی پیدت پرش سنگھٹن‘ کے نام سے ایک تنظیم بھی بنا رکھی ہے، جس کا مقصد ایسے مردوں کی دلجوئی کرنا ہے جو اپنی بیویوں کے تشدد کا شکار رہتے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیم کے بانی بھرت پھلر کا کہنا تھا کہ ”ہراسگی کی بات آئے تو بھارت میں تمام قوانین مردوں کے خلاف اور عورتوں کے حق میں بنائے گئے ہیں۔ خواتین ان قوانین کا غلط استعمال کرکے اپنے شوہروں کو ہراساں کرتی ہیں اور انہیں تشدد کا نشانہ بناتی ہیں۔ وہ معمولی مسائل پر بھی مردوں کو عدالت میں گھسیٹنے کی دھمکیاں دیتی ہیں جس پر بیچارے مرد خوفزدہ ہو کر ان کا جبر سہتے رہتے ہیں۔ ہم ملک میں مردوں کے خلاف اس ظلم و استبداد کی مذمت کرتے ہیں۔مردوں کے خلاف بیویوں کے جبر کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2015ءمیں بھارت میں جتنے شادی شدہ لوگوں نے خودکشی کی ان میں 74فیصد مرد تھے۔اسی ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے ہم نے اس سال علامتی طور پر راون کی بجائے سورپ نکھا کا پتلا نذرآتش کیا۔“
یہاں آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ رام اور راون کے درمیان ہونے والی جنگ کی اصل وجہ سورپ نکھا ہی تھی۔سورپ نکھا نے رام کو دیکھااوراس کے پاس جا کر کہا کہ ’مجھ سے شادی کر لو۔‘ لیکن رام نے انکار کر دیا۔ پھر وہ لکشمن کے پاس گئی اور رام سے شادی کرنے میں مدد طلب کی لیکن لکشمن نے بھی مدد دینے سے انکار کر دیا۔ اس پر سورپ نکھا غصے میں آ گئی اور رام کی بیوی سیتا کو قتل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس کا خیال تھا کہ سیتا مر گئی تو رام اس سے شادی کر لے گا لیکن لکشمن کو سورپ نکھا کی منصوبہ بندی کا علم ہو گیا اور اس نے اس کی ناک کاٹ ڈالی۔ سورپ نکھا کٹی ناک کے ساتھ لنکا واپس گئی اور اپنے بھائی راون کو بدلہ لینے پر اکسایا۔ جس پر راون بھیس بدل کر گیا اور سیتا کو اغواءکرکے لنکا لے آیا اور اس کے بعد رام، لکشمن اور راون کے درمیان جنگ چھڑ گئی۔