وزیر اعظم عمران خان کشمیر کے معاملے کو بالکل نہیں سمجھتے جو مشورہ میں دیتا ہوں اس کاالٹ کرتے ہیں :ہارون الر شید کا گلہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)تجزیہ کار ہارو ن الرشید نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے کشمیر کے معاملے کوبالکل نہیں سمجھتے ، بھارت 1989میں ہی ناکام ہوگیا تھا جب اس نے اتنی بڑی فوج کشمیر میں بھیج دی ، آخر کار نقصان بھارت کا ہی ہوگا، میں وزیر اعظم کو جو مشورہ دیتا ہوں وہ اس کا الٹ کرتے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”تھنک ٹینک“ میں گفتگو کرتے ہوئے ہارون الرشید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بیورو کریسی کو ٹھیک کرنے کے حوالے سے ارباب شہزاد کا انتخاب ہی غلط کیا ہے ، میں نے عمران خان کو بتایا تھا کہ صرف ایک شخص وفاقی بیورو کریسی کوٹھیک کر سکتاہے اوروہ شخص عمران خان کا دوست بھی ہے لیکن اس کو نہیں لگایا اور ارباب شہزاد کولگا دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں جو مشورہ دیتاہوں وزیر اعظم عمران خان ان کے الٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کام اس آدمی کو سونپا جائے جس کوکام آتا ہو ۔ کشمیر وں پر بھارتی مظالم کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت 89میں ہی ناکام ہوگیا تھا جب اس نے اتنی بڑی فوج کشمیر میں بھیج دی ، آخر کار نقصان بھارت کا ہی ہوگا کیونکہ جس نے اس دنیا کو پیدا کیاہے اس نے کچھ قانون اور ضابطے بھی بنا دیئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر کے معاملے پر بات کو بالکل سمجھتے نہیں ہیں۔