حکومت گرانے کی بات نہیں کررہے ، تحریک انصاف خود اپنی حکومت گرانا چاہتی ہے :نفیسہ شاہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شا ہ نے کہاہے کہ حکومت گرانے بات نہیں کررہے ، سپیس دینے کی بات کررہے تھے لیکن تحریک انصاف خود اپنی حکومت گرانا چاہتی ہے، تحریک انصاف وفاق پر بات نہیں کرسکتی تو پھر یہ صوبائیت پر اتر آتی ہے۔
دنیا نیوز کے پروگرا م ”ٹو نائٹ ودھ معید پیر زادہ “ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ آصف زرداری کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے قرار داد لانے کی بات بہت اہم ہے ، ہم حکومت گرانے کی بات نہیں کررہے ،ہم حکومت کو سپیس دینے کی بات کررہے تھے لیکن تحریک انصاف خود اپنی حکومت گرانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کونسی حکومت ہے جو آتے ہی قیمتوں میں اتنا اضافہ کردیتی ہے ، ہم بھی آئی ایم ایف میں گئے ، اس وقت بجلی کی قیمت چار روپے یونٹ تھی اور اب پندرہ روپے یونٹ ہے جس میں حکومت تین روپے مزید اضافہ کرنے جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف سے پوچھا جائے کہ کے پی میں ڈینگی سے کتنی اموات ہوئیں؟جس وقت کے پی میں ڈینگی پھیلا اس وقت تحریک انصاف کے سربراہ پہاڑوں پر سیر کررہے تھے ، تحریک انصاف جس قسم کی حکمرانی کررہی ہے ، اس میں سوائے ہیلی کاپٹر پر سفر کرنے کے اور کیا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ اگر اس کے باوجود تحریک انصاف نے کے پی میں کامیابی حاصل کی ہے توہم نے سندھ میں بھی کامیابی حاصل کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جب تحریک انصاف وفاق پر بات نہیں کرسکتی تو پھر یہ صوبائیت پر اتر آتی ہے ، جب پیپلزپارٹی اقتدار میں آئی تو اس وقت بھی جنرل مشرف نے ملک کو بہت بڑے بحران میں چھوڑا تھا لیکن ہم نے حکو مت میں آتے ہی آئی ایم ایف سے رجوع کیا، عوام پر بوجھ نہیں ڈالا،گندم کی قیمت میں اضافہ کیا ، ہم نے بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی اور تیل کی قیمتوں پر عوام کو سبسڈی دی، ہم نے جو خسارہ چھوڑا تھا وہ دوارب ڈالر سے زیادہ نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ تحریک انصاف کے دعوے کیاہیں اور حکومت نے کیا کیاہے ؟