آئی ایم ایف کے پاس جانا سکیورٹی پر سمجھو تہ ،بھرپور کوشش ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے کے پاس نہ جائیں :ترجمان و زیر اعلیٰ پنجاب
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے کہاہے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے سکیورٹی پر سمجھوتہ کرنا پڑتاہے ، اس لئے حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جایا جائے، خدا کی شان ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیں بتارہی ہے کہ حکومت کیسے ہوتی ہے ؟ مسلم لیگ ن شور اس لئے مچاتی ہے کہ ان کے کرتوت عوام کے سامنے نہ آئیں، تحریک انصاف کی حکومت عوام کوسچ بتائے گی ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”ٹونائٹ ودھ معید پیر زادہ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ خدا کی شان ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیں بتارہی ہے کہ حکومت کیسے ہوتی ہے ؟ سندھ میں بیالیس ہزار سکولوں میں سے 23ہزار سکول ایسے ہیں جن میں بجلی نہیں ہے، سندھ کی 61فیصد لڑکیاں سکول سے باہر ہیں، اس وقت دیہاتی سندھ میں نصف سے زائد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے رہتے ہیںاور یہ ہمیں بتائیں گے کہ حکومت کیسے کرنی ہے؟ انہوں نے کہ آئی جی سندھ نے سپریم کورٹ میں بتایا تھا کہ سندھ پولیس میں 12ہزار لوگ ایسے ہیں جو جرائم میں ملوث ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن شور اس لئے مچاتی ہے کہ ان کے کرتوت عوام کے سامنے نہ آئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بہت سے لوگ ایل پی جی استعمال کرتے ہیں اور یہ عام لوگ ہیں اس لئے ہم نے ایل پی جی پر پندرہ سے اٹھارہ فیصد پر سبسڈی دی ہے ، تحریک انصاف نے کے پی میں 6ہزار نئے ڈاکٹرز رکھے اور سرکاری سکولوں میں داخلہ بڑھایا ۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ابھی 60دن ہوئے ہیں اور ہم کوپتہ ہے کہ ہم نے کیا کرناہے ؟ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کوسچ بتائے گی ، ہمارے لیڈر کے سرے محل نہیں بننے اور نہ ہی بیرون ملک اپارٹمنٹس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے سکیورٹی پر سمجھوتہ کرنا پڑتا ہے اس لئے ہمار ی یہ بھرپور کوشش ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس نہ جائیں۔