عمران خان کی خود کشی کے مقام اور تاریخ کے اعلان کا انتظار کررہے ہیں:محسن شاہنواز رانجھا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے رہنمامحسن شاہنوا ز رانجھا نے کہاہے کہ عوام ہی تحریک انصاف کی حکومت کوتسلیم نہیں کررہے تو ہم کیسے کر سکتے ہیں؟ عمر ان خان کی خود کشی کی جگہ اور تاریخ کے اعلان کا انتظار کررہے ہیں، تحریک انصاف کی سیاست چور مچائے شور کی ہے ،پاکستان کابیڑا غرق کردیا گیاہے اور اس بات کا پتہ نہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کون ہے ؟ حکومت کوگرانے کی ضرورت نہیں ہے یہ خود ہی اپنے وزن سے گر جائیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”ٹو نائٹ ودھ معید پیر زادہ “ میں گفتگو کرتے ہوئے محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام ترجمان بالغ النظری کی سطح سے نیچے جارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ان کی گفتگو چور مچائے شور ہے ، پاکستان کابیڑا غرق کردیا گیاہے اور اس بات کا پتہ نہیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کون ہے ؟ انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب کو وار لارڈز کا علاقہ بنادیا گیاہے اور ہر ایک وار لارڈ نے اپنی اپنی حدود قائم کر لی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اصلاحات کرنے کے دعوے کرنیوالوں کو ناصر درانی چھوڑ کر چلے گئے ، ڈی پی او پاکپتن کے واقعہ پر وزیر اعلیٰ نے سپریم کورٹ میں جاکرمعافی مانگی، ان کو معافی مانگنے کی بجائے مستعفی ہوجانا چاہئے تھا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کوگرانے کی ضرورت نہیں ہے یہ خود ہی اپنے وزن سے گر جائیں گے ، عمران خان نے کہا تھا کہ میں قرضہ لوں گا تو خودکشی کرلوں گااور ہم اب ان کی خود کشی کی جگہ اور تاریخ کا انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو یہ چپڑاسی نہیں رکھتے تھے وہ آج کل وزیر ریلوے ہیں، جن لوگوں کو ڈاکو کہتے تھے ان کو پنجاب اسمبلی میں سپیکر بنادیا گیاہے ۔ آصف زرداری کی جانب سے تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف قرار داد لانے کے بیان کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے ترجمان شہباز گل لکشمی چوک میں جاکر یہ کہہ دیں کہ میں تحریک انصاف کا ترجمان ہوں تو ان کو پتہ چل جائے گا کہ ان کے ساتھ کیا ہوتاہے ؟ جب عوام ہی ان کو تسلیم نہیں کررہے تو پھر ہم کیسے کر سکتے ہیں؟