مہنگائی میں اضافہ ہوتا رہے گا :تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے عوام کو پریشانی سے دوچار کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے کہاہے کہ سابق حکومتوں کے اثر سے نکلنے تک مہنگائی میں اضافہ ہوتارہے گا ، تحریک انصاف نے انتخابی مہم کے دوران جو وعدہ کیا تھا وہ پور ا کریں گے۔
سماءنیوز کے پر وگرام ”نیوز بیٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے صداقت عباسی نے کہا کہ مہنگا ئی اس لئے آئی ہے کہ اس وقت اٹھارہ ارب ڈالر کا سالانہ خسارہ ہے ، تحریک انصاف نے انتخابی مہم کے دوران جو وعدہ کیا تھا وہ پور ا کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک سودن میں ہم عوام کو اپنی ڈائریکشن دے دیں گے ، ہم نے ایل پی جی کی قیمت کم کردی ہے جو غریب عوام زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی سیاسی جماعت جب آتی ہے تو وہ عوام کو امید دلاتی ہے اور ہم نے بھی عوام کو امید دلائی تھی اور اب اس امیدپر پورا اترنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کیمرہ لے کر عوام سے پوچھا جائے کہ ملک کوکس نے لوٹا ہے تو وہ اس کا جواب دیدیں گے ، ہم نے کھاد مہنگی نہیں کی بلکہ سستی کی ہے اور اس پر سبسڈی دی ہے ، ٹیکسٹائل پر ڈیوٹی میں چھوٹ دی گئی جس پر اپٹما نے ایک سو فیکٹریاں چلانے کا اعلان کردیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اسی سال ملکی خسارہ اٹھارہ ارب ڈالر سے 12ارب ڈالر پر لے کر آئیگی ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک سابق حکومتوں کے اثر سے ملک نہیں نکلے گا مہنگائی ہوتی رہے گی ۔