مولانا فضل الرحمان کی بھارتی دہشتگرد اعظم کے ساتھ تصویر کے اصلی یا نقلی ہونے کا پتہ چل جائیگا، علی محمد خان نے واضح کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر علی محمد خان نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان بھارت کے دہشت گرد اعظم اجیت دوول کے ساتھ بیٹھے ہیں ، تصویر اصلی ہے تو پھر بھی پتہ چل جائے گا اور اگر نقلی ہے تو پھر بھی پتہ چل جائے گا ، اجیت دوول مقبوضہ کشمیر میں قتل عام اورپاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ یہ موقع کشمیر پر قوم کواکٹھی کرنے کاہے ،دنیا کو پیغام دیاہے کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک تصویرگردش کررہی ہے جس میں مولانا فضل الرحمان کو اجیت دوول کے ساتھ بیٹھے دکھایا گیاہے۔میں حیران ہو ں کہ یہ تصویراصلی ہے یا نقلی ، مولانا فضل الرحمان بھارت کے دہشت گرد اعظم اجیت دوول کے ساتھ بیٹھے ہیں ، تصویر اصلی ہے تو پھر بھی پتہ چل جائے گا اور اگر نقلی ہے تو پھر بھی پتہ چل جائے گا ، اجیت دوول مقبوضہ کشمیر میں قتل عام اور پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ایک ویڈیو بھی گردش کررہی ہے جس میں مولانا فضل الرحمان پیپلز پارٹی اور ن لیگ کوکرپشن پرمورد الزام ٹھہرارہے ہیں۔ مولانا کے بقول جوکرپٹ ہیں ، ان کے ساتھ نکل کر کیا مارچ کریں گے؟انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان راہ کے چیف کے ساتھ مل کر کیا بات کررہے تھے ؟ وہ بات پاکستان کے مفاد میں ہوگی ، ہم جاننا چاہیں گے کہ وہ بات کیاتھی ؟ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے ایشو سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے ، یہ کام نہ کیاجائے ، بھارت نے اپنا پتاکھیل لیاہے ، اب ہم نے اپنے پتے کھیلنے ہیں اور جب ہم متحد ہونگے تو کھیلیں گے ۔