پاکستان سفارتکاری کے میدان میں بالکل تنہا ہو چکاہے،پرویز ملک
لاہور(پ ر)مسلم لیگ (ن) نے کہا ہے کہ پاکستان سفارتکاری کے میدان میں بالکل تنہا ہو چکاہے، حکومتی پالیسیاں ملکی سا لمیت کیلئے خطرہ ہیں،کوئی دھمکی اپوزیشن کو وزیر اعظم کے استعفیٰ کے مطالبہ سے دور نہیں کر سکتی، اپوزیشن کے بجائے نالائق حکمرانوں کے باعث ملک میں افراتفری اور انتشار پھیل رہا ہے، وزیر اعظم قومی،سیاسی اور معاشی امور سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، وزیر اعظم اور وزرا کے بیانات سے لگتا ہے کہ دھرنا حکومت دے رہی ہے،عمران خان ڈیل اور ڈھیل مانگنے والی اپوزیشن سے مذاکرات کیوں کررہے ہیں ان خیالات کا اظہارگذشتہ روزپاکستان مسلم لیگ ن لاہورکے صدرو رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک و جنرل سیکرٹری لاہور خواجہ عمران نذیر ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے پارٹی آفس میں ارکان اسمبلی رہنماؤں وکارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ارکان اسمبلی چوہدری شہباز،غزالی سلیم بٹ، میاں سلیم،کرنل مبشر جاوید، میاں طارق،نذیر خان سواتی، سمیر امجد اور ثمرہ نذیر سمیت دیگر بھی موجودتھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم احتساب سے نہیں گھبراتے، الزام لگائیں لیکن ثبوت عوام کے سامنے رکھیں، مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ اس لئے بنایا جا رہا ہے تاکہ عوامی مسائل سے توجہ ہٹا سکیں لیکن ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اب نیازی حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں، اس لئے وہ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، اب گلی گلی محلے محلے میں احتجاج شرو ع ہوں گے،دمادم مست قلندرہوگا،یہ حکومت اب چند ماہ کی مہمان ہے۔