اپوزیشن تعصب کی عینک اتار ے تو ترقی کرتا پاکستان نظر آئے،مسرت جمشید
لاہور(پ ر)چیئر پرسن قائمہ کمیٹی برائے داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن تعصب کی عینک اتارے گی تو اسے تنزلی سے ترقی کی طرف جاتا ہوا پاکستان نظر آئے گا، آئی سی یو میں پڑی معیشت کو ایک سال کے عرصے میں سنبھالا دینا حکومت کی بڑی کامیابی ہے،عوام اپوزیشن کے انتشار پر مبنی پروگرام سے لا تعلق ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے معیشت کو ترقی کا مصنوعی لیپ کر رکھا تھا جبکہ حقیقت میں معیشت دیوالیہ ہونے کے قریب تھی۔ انتہائی مہنگے کمرشل قرضوں کے ذریعے معیشت کی سانسیں بند کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت سب سے پہلے چور راستے بند کررہی ہے جس سے معیشت کو تقویت ملے گی۔ پاکستان کی برآمدات میں اضافے اوردرآمدات کم ہونے سے ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوا ہے۔ اپوزیشن اپنی آنکھوں سے تعصب کی عینک اتار کر دیکھے اسے آگے بڑھتا ہوا پاکستان نظر آ جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ اپوزیشن مارچ کا اعلان تو کر چکی ہے لیکن اسے عوام کی طرف سے کسی طرح کی پذیرائی نہیں مل رہی جس کیو جہ سے ان میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا استعفیٰ مانگنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کرے گی۔