شاہدرہ، پٹرولنگ کے دوران ڈولفن اہلکار کو ٹر ک نے کچل کر شدید زخمی کر دیا
لاہور (کرائم رپورٹر)شاہدرہ موڑپر تیز رفتارٹرک نے ڈولفن اہلکار کو کچل ڈالا، طارق نامی ڈولفن اہلکار کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق ڈولفن اہلکار طارق شاہدرہ موڑ پر اپنی ٹیم کے ہمراہ پٹرولنگ کر رہا تھا کہ تیز رفتارٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار ڈولفن اہلکار بری طرح زخمی ہوگیا،حادثے کی اطلاع ملنے پرریسکیو اہلکارموقع پر پہنچ گئے اورڈولفن اہلکارطارق کو ہسپتال منتقل کردیا۔جہاں اس کا علاج جاری ہے، ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ سی سی پی اولاہوربی اے نا صر اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے میو ہسپتال کا دورہ کیا اور ایکسیڈنٹ میں زخمی ہونے والے ڈولفن سکواڈ کے اہلکار کانسٹیبل طارق کی عیادت کی۔ایس پی ڈولفن سکواڈ نوید ارشاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔بی اے نا صر نے ڈاکٹرز کو زخمی ڈولفن اہلکار کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات کی۔ایس پی ڈولفن سکواڈ نوید ارشاد نے سی سی پی او لاہور کو واقع کی تفصیلات بارے آگاہ کیا۔بعد ازاں ڈ ی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے موہنی روڈکے علاقے میں دو گروپوں کے مسلح تصادم کے دوران زخمی ہونے والے ایس ایچ او لوئر مال سب انسپکٹر آصف ادریس کی بھی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی خاطراپنی جان جوکھوں میں ڈالنے والے افسران و اہلکار محکمہ پولیس کا فخر ہیں۔