مہنگائی کا جن بے قابو، سبزیوں، پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں
اسلام آباد(یواین پی)عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی دعووں کی قلعی کھل گئی۔ مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکال دیں۔ ہفتہ وار بازاروں میں بھی سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئیں۔ہفتہ وار بازار بھی سستے نہ رہے، مہنگائی کے مارے عوام دہائیاں دینے لگے، مرغی اور گوشت تو دور کی بات، عوام سبزیاں خریدنے کے بھی قابل نہیں رہے۔سستے بازاروں میں بھی 74 روپے کلو پیاز نے شہریوں کو رلا دیا تو ٹماٹر کے نرخ پوچھتے ہی گال لال ہوجاتے ہیں، ایک ہفتے میں ہی ٹماٹر 40 سے 84 روپے فی کلو تک جا پہنچا۔ آلو 44 روپے، مٹر 200 روپے، کریلا 90 روپے، ادرک 360 جبکہ لہسن 248 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ سیب اور انگور 200 روپے جبکہ انار 180 روپے کلو بک رہا ہے۔شہر یوں نے کہا ہے کہ اب تو چٹنی کیساتھ روٹی کھانا بھی مشکل ہو گیا، نوبت فاقوں تک آن پہنچی ہے۔ پہلی بار سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں تو ایسے میں عوام کیساتھ بیچنے والے بھی پریشان ہیں۔شہریوں نے کہا ہے کہ تبدیلی کے دعوے کر کے اب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی، حکومت عوام پر رحم کرے۔