فریش ملک ایسوسی ایشن کے وفد کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ
اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد فریش ملک ایسوسی ایشن کے صدر مظفر ہاشمی کی قیادت میں ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان کے ساتھ اپنے شعبے کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری شاہد گوندل، چیئرمین میاں عبدالجبار، فنانس سیکرٹری حافظ عبداللہ اور ڈپٹی جنرل سیکرٹری عرفان علی وفد میں شامل تھے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد وحید وحید نے کہا کہ ایسوسی ایشن اپنے ممبران کی سرٹیفیکشن کیلئے کام کرے اور عوام کو خالص دودھ کی سپلائی یقینی بنانے کیلئے مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جو ایمانداری اور دیانت داری سے کام کر رہے ہیں ان کو سرٹیفیکیٹ جاری کئے جائیں جبکہ غلط کام کرنے والوں کی سپورٹ نہ کی جائے۔ انہوں نے ایسوسی ایشن کو یقین دلایا کہ چیمبر پرائس کنٹرول اور پلاسٹک بیگ کے متبادل سمیت دیگر مسائل حل کرانے میں ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان نے کہا کہ دودھ کی سپلائی کا براہ راست تعلق انسانی صحت سے ہے لہذا اس شعبے کا کاروبار کرنے والوں کو زیادہ احتیاط کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔
جبکہ غلط کام کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے۔فریش ملک ایسوسی ایشن کے صدر مظفر ہاشمی اور جنرل سیکرٹری شاہد گوندل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مارکیٹوں اور ایسوسی ایشنوں کے مسائل حل کرانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے لہذا ان کی ایسوسی ایشن کاروباری طبقے کی مشکلات کا ازالہ کرنے کی کوششوں میں چیمبر کا بھرپور ساتھ دے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیمبر دودھ فروش برادری کو پلاسٹک بیگ اور قیمتوں کے تعین سمیت دیگر مسائل حل کرانے میں تعاون کرے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدر خالد چوہدری، نائب صدر اشفاق چھٹہ، چوہدری ندیم الدین، میاں عبدالجبار، حافظ عبد اللہ، عرفان علی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور دودھ فروش طبقے کے مسائل کے حل کی ضرورت پر زور دیا۔