بیرون ملک سے پرتعیش مصنوعات منگوانے پر پابندی لگائی جا ئے: خواجہ حبیب الرحمان
لاہور(این این آئی)ایران پا ک فیڈریشن آ ف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے منگوائی جانے والی پر تعیش مصنوعات پر پابندی عائد کئے بغیر معیشت کو بہتر نہیں کیا جا سکتا، حکومت معاشی اصلاحات سے ملک میں پیداواری صلاحیت کو وسیع اور ترقی کی رفتار کو بڑھا سکتی ہے،مہنگی بجلی اورگیس معاشی ترقی میں رکاوٹ ہے،صنعتی شعبے کی پیداوری لاگت میں کمی کیلئے بجلی وگیس سستی اور روپے کی قدر کو بہتر بنانا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانیوال چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اورتجارتی خسارہ کم نہیں کر سکی جس کی وجہ سے روپے کی قیمت مستحکم نہیں ہو سکی۔ ڈالر اورپٹرول کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کے عفریت نے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔مشینری کی عدم دستیابی کی وجہ سے پیداواری صلاحیت متاثر ہو رہی ہے جبکہ امپورٹرز کو اربوں کے نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم کو ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس سے مہنگائی اور بیروزگاری کنٹرول کرکے ڈالر کی قیمتوں کو بڑھنے سے روکا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن اورمنی لانڈرنگ کے ذریعہ ملک سے باہر لے جائی جانے والی کھربوں روپے کی رقم کو واپس لایاجائے،وزراء اور بیوروکریسی کے شاہانہ اخراجات ختم کئے جائیں۔
اور پاکستانی روپے کی قدر کو بڑھانے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔