آزادی مارچ سے نمٹنے کیلئے حکومت نے آئینی ماہرین سے رائے مانگ لی
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی حکومت نے فیض آباد دھرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جے یو آئی (ف) کے ممکنہ دھرنے سے نمٹنے کیلئے قانونی وآئینی ماہرین سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ عدالت عظمیٰ کے احکامات کی روشنی میں دھرنے کے شرکاء کو کسی گراؤنڈ یا پارک میں اجتماع و تقاریر کرنے کی اجازت پر مشاورت شروع کر دی گئی ہے، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی حکومت نے وزارت قانون سے رائے طلب کی ہے کہ سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنے سے متعلق جو فیصلہ صادر فرمایا تھا اسکی روشنی میں اگر دھرنا کے شرکاء سے نمٹا جائے تو قانونی رائے کیا ہو گی۔ذرائع نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی فیصلہ میں واضح ہدایات ہیں کہ عام شہریوں کے حقوق کو کسی صورت سلب نہ ہونے دیا جائے اور ٹریفک کی روانی بحال رہنا چاہئیے، جس کسی نے دھرنا یا مارچ کرنا ہے تو وہ کرے تاہم اجتماع اور دھرنا اسلام آباد انتظامیہ سے اجازت لیکر کسی پارک یا گراؤنڈ میں دیا جا سکے گا۔
دھرنا،رائے