بہتر معاشی حالات اپوزیشن کی سیاست پر بجلی بن کر گر رہے ہیں، ہمایوں اختر

بہتر معاشی حالات اپوزیشن کی سیاست پر بجلی بن کر گر رہے ہیں، ہمایوں اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ بہتر ہوتے معاشی حالات اپوزیشن کی سیاست پر بجلی بن کر گر رہے ہیں، پاکستان سیاسی انتشار کا ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا اس لئے سیاسی اور ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح نہ دی جائے، حکومت نے اپوزیشن کے مطالبات سے آگاہی کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنا کر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے والے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے اس لئے کسی مارچ اور دھرنے سے ان کا ”سیاسی چورن“نہیں بکے گا۔ تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ ملا ہے اور انشا اللہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ اپوزیشن جمہوریت کا حسن ہے لیکن بے وقت کے راگ سے اپوزیشن اپنی رہی سہی سیاست کا اپنے ہاتھوں سے سوا ستیا ناس کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح 2018ء کے انتخابات میں پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کا صفایا ہوا ہے اسی طرح 2023ء کے انتخابات میں سندھ سے پیپلز پارٹی کا صفایا ہو جائے گا اورضمنی انتخاب کے نتائج اسی طرف پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دے کر اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے لیکن اپوزیشن اپنی فیس سیونگ کے لئے راہ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے۔ اگراپوزیشن انتشار سے باز نہ آئی تو ان کی سیاست کی اجتماعی سیاسی تدفین ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ احتساب کے جاری عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی بلکہ احتساب کے قانون میں جو سقم موجود ہیں انہیں بھی دور کیا جائے گا۔ پاکستان معاشی طور پر آگے بڑھ رہا ہے اور سنگین چیلنجز سے مرحلہ وار چھٹکارا مل رہا ہے۔
ہمایوں اختر