الھول کیمپ سے داعشی خواتین اور بچوں کے فرار کی کوشش ناکام
دمشق (این این آئی)شام میں سیرین ڈیموکریٹک فورس نے الھول کیمپ سے داعش کی خواتین کو فرار کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے 14 خواتین اور 21 بچوں کو حراست میں لے لیا۔ ان کا تعلق مختلف ملکوں سے بتایا جاتا ہے۔ترک فورسز نے شمالی اور مشرقی شام پر حملے شروع کرنے کے ساتھ خطے میں داعش کی نقل و حرکت میں اضافہ ہوا ہے۔ ساتھ ہی داعش کی خواتین پناہ گزین کیمپوں سے فرار کی کوشش کررہی ہیں۔ گذشتہ روز الھول کیمپ سے متعدد داعشی خواتین اور بچوں نے فرار ہونے کی کوشش کی مگر اسے ناکام بنا دیا گیا۔
الحسکہ شہر سے 45 کلومیٹر مشرق میں واقع الھول کیمپ کرد انتظامیہ کے زیر انتظام سب سے بڑے کیمپوں میں سے ایک ہے جہاں بے گھر مہاجرین اور داعش خواتین اور بچوں کے خاندانوں سمیت 71 ہزار سے زیادہ افراد رہتے ہیں۔اس کیمپ کی 40 ہزار سے زیادہ داعشی خواتین اور ان کے بچوں کی موجودگی کی وجہ سے یہ دنیا کا سب سے خطرناک سمجھا جاتا ہے۔داعش کی شامی اور غیر ملکیوں سے وابستہ خواتین اور بچوں کے ایک گروپ نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب کیمپ کے جنوب میں الد شیشہ کے علاقوں اور مضافات کی طرف فرار ہونے کی کوشش کی لیکن کیمپ کی حفاظت پرمامور عملے اور سیکیورٹی فورسز نے ان کا تعاقب کرکے انہیں فرار ہونے سے روک لیا۔ فرار ہونے والوں میں داعش کی 14 خواتین اور 21 بچے شامل تھے۔