وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کی ملک بھر میں زبردست پذیرائی،72 گھنٹوں میں ایک لاکھ 90 ہزار آن لائن درخواستیں موصول
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے کامیاب جوان پروگرام کو ملک بھر میں زبردست پذیرائی ملی ہے،کامیاب جوان پروگرام نے ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ،پروگرام کے لانچنگ کے 72 گھنٹوں میں 18 لاکھ نوجوانوں نے ویب سائٹ کا وزٹ کیا،پروگرام کے تحت 1 لاکھ 90 ہزار آن لائن درخواستیں موصول ہوئیں ،سابق دور میں مریم نواز کی جانب سے شروع کیا گیا پروگرام بھی پیچھے رہ گیا، لیگی حکومت کے یوتھ پروگرام کے 5 سال کے دوران 90 ہزار درخواستیں موصول ہوئی تھیں ۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرزعثمان ڈار نے کہا ہے کہ نوجوانوں نے کامیاب جوان پروگرام کا زبردست خیرمقدم کیا ہے، انہوں نے کہا کہ جدید نظام کے تحت نوجوان گھر بیٹھے 5 منٹ میں اپلائی کر سکتے ہیں ،ان کا کہناتھا کہ ماضی کے منصوبوں میں تکنیکی رکاوٹیں زیادہ تھیں،درخواست گزاروں میں بڑی تعداد طلبا اورفارغ التحصیل جوانوں کی ہے ۔