غیرملکی مسلمان خواتین کیلئے بغیر محرم ویزہ ، سعودی عرب نے یقین دہانی کرادی
جدہ (ویب ڈیسک) وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر محمد بنتن نے ایوان صنعت و تجارت کی کمیٹی اور عمرہ سیکٹر کے سرمایہ کاروں کی جانب سے پیش کی جانے والی متعدد تجاویز پر غور کی یقین دہانی کرائی ہے۔ روزنامہ جنگ کے مطابق 11 نکات پر مشتمل تجاویز میں بیرون ملک سے عمرے پر آنے والی خواتین کے لیے عمر کی حد کا تعین کیے بغیر محرم کی شرط کا خاتمہ شامل ہے۔وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر بنتن نے عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا ہے۔ واضح رہے مملکت میں وزارت حج و عمرہ کے قوانین کے مطابق مملکت آنے والی عمرہ زائرین اور عازمین حج کے لیے محرم کی شرط لازمی تھی، محرم کے بغیر خواتین کو عمرہ ویزہ جاری نہیں کیا جاتا تھا۔ چند برس قبل عمرہ قوانین میں ترمیم کرتے ہوئے 45 برس کی عمر والی خواتین کے لیے محرم کی شرط ختم کر دی گئی تھی۔ وزیر حج کی جانب سے تجاویز کو قبل عمل قرار دیتے ہوئے وفد کو یقین دلایا گیا کہ پیش کی جانے والی تجاویز پر غور کرکے جلد ہی ان کی منظوری دے دی جائے گی۔