بلاول بھٹو کو سمجھ نہیں آرہی لاڑکانہ میں بھٹو کیسے مر گیا؟ رہبر کمیٹی کی ڈوریاں جیل میں بیٹھے سزا یافتہ قیدی ہلا رہے ہیں:فردوس عاشق اعوان

بلاول بھٹو کو سمجھ نہیں آرہی لاڑکانہ میں بھٹو کیسے مر گیا؟ رہبر کمیٹی کی ...
بلاول بھٹو کو سمجھ نہیں آرہی لاڑکانہ میں بھٹو کیسے مر گیا؟ رہبر کمیٹی کی ڈوریاں جیل میں بیٹھے سزا یافتہ قیدی ہلا رہے ہیں:فردوس عاشق اعوان

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) مشیر اطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھٹو کوزندہ رکھتے رکھتے سندھ کے بچے بھوک سے مررہے ہیں، بلاول میڈیا میں عدالت لگا کر وزیر اعظم کی کردار کشی کرتے ہیں،بلاول بھٹو کو سمجھ نہیں آرہی لاڑکانہ میں بھٹو کیسے مر گیا؟پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمن کے تانگے کے پائیدان کے ساتھ لٹک رہی ہے،مولانا خود کنفیوژ ہیں، انھیں معلوم نہیں دھرنا دینا ہے یا مارچ؟رہبر کمیٹی کی ڈوریاں جیل میں بیٹھے سزا یافتہ قیدی ہلا رہے ہیں،مسلح جتھوں کے ہاتھوں عوام کو یرغمال نہیں بننے دیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کے آئینی اور جمہوری احتجاج کو حکومت نہیں روکے گی لیکن لشکرکشی کے لئے اسلام آباد آیا جا رہا ہے تو اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےکہاکہ بلاول کو دکھ ہے اور انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ لاڑکانہ میں بھٹو مر کیوں گیا؟اب پیپلزپارٹی مولانا فضل الرحمان کے ٹانگے کے پائیدان سے لٹکی ہوئی نظرآرہی ہے جبکہ رہبر کمیٹی کی ڈوریاں جیل میں بیٹھےسزایافتہ قیدی ہلا رہے ہیں،سزا یافتہ قیدیوں کے بچے پاکستان آنے کے لئے تیار نہیں ہیں،عمران خان تحریک انصاف ہی نہیں بلکہ پاکستان کی ضرورت ہیں لیکن مولانا فضل الرحمان للکار للکار کر انکا استعفی مانگ رہے ہیں،مولانا اور مودی کے بیانیے میں کوئی فرق نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عمران خان لازم و ملزوم ہیں، ان کے استعفے کا مطالبہ کرنے والے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتے ہیں،احتجاج کرنا مولانا فضل الرحمن کا آئینی و جمہوری حق ہے تاہم حکومت عوام کو یرغمال نہیں بننے دے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، مخالفین کی گھر کو گھر کے ہی چراغ سے آگ لگانے کی خواہش پوری نہیں ہوگی اور انہیں مایوسی ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر یوم سیاہ ہے، اس دن مظلوم کشمیریوں کے بیانیے کو تقویت دینے کے لیے پوری قوم پرعزم ہے اور اپوزیشن جب جب پاکستان کو عدم استحکام کی طرف لے جانے کی طرف قدم بڑھائے گی وزیراعظم اور زیادہ معاشی منزل کی طرف قدم بڑھائیں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےمزیدکہاکہ پاک فوج کے ملک کا دفاع کرنے پر فخر کرتے ہیں،بھارتی میڈیا من گھڑت کہانیاں چلا رہا ہے،پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے،بھارت کو سمجھ لیناچاہیےکہ قومی بیانیے پرپوری قوم متحد ہے ،بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول  کی خلاف ورزی پر پاک فوج کی بروقت اور بھرپور کارروائی سے ثابت ہو گیا کہ ہم دفاع سے غافل نہیں، افواج پاکستان نے ایک دفعہ پھر جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو ملیا میٹ کر دیا اور اس جھوٹے بیانیے پر مہر ثبت کر دی جو بھارتی میڈیا پروپیگنڈا اور کشمیر کے اندر کیمپوں کو تباہ کرنے کی صورت میں کر رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آپس میں اختلافات سیاسی بیانیے پر ہو سکتے ہیں لیکن قومی بیانیے پر ہم اکٹھے ہیں اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جوا ب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ڈاکٹرز کو ہڑتال ختم کر کےمریضوں کاعلاج معالجہ کرنا چاہیے۔

مزید : قومی /اہم خبریں