پاکستان پرتگال کے ساتھ باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: چودھری پرویزالٰہی

پاکستان پرتگال کے ساتھ باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ ...
پاکستان پرتگال کے ساتھ باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: چودھری پرویزالٰہی

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پرتگال کے 5رکنی وفد نے ڈائریکٹر آف پرتگیز مشن ڈاکٹر ہوسے کارلوس کالازان کی سربراہی میں اسمبلی چیمبرمیں ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا،سپیکر نے مہمانوں کو اسمبلی کی ساخت، پارلیمانی روایات اور اسمبلی کے رولز آف پروسیجر سے بھی آگاہ کیا،ملا قات میں دوطرفہ تجا رت کو فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو ہوئی اور دونوں ملکوں کے عوام کے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

چودھری پرویزالٰہی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرتگال کے ساتھ اپنے باہمی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے خواہش کااظہار کیا کہ ان تعلقات کو پارلیمانی، تجارتی و اقتصادی سطح پر مزید وسعت دی جائے۔ سپیکر نے کہا کہ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جانے چاہئیں اور ایک دوسرے کے جدید ٹیکنالوجی کے ماہرین سے استفادہ کرنا چاہئے۔ ڈاکٹر کارلوس کالازان نے کہا کہ پرتگال پاکستان کے ساتھ تجارت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون بڑھا کر فائدہ مند نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی، سیکرٹری کوآرڈی نیشن رائے ممتاز حسین بابر، ڈائریکٹر جنرل پارلیمانی امور عنایت اللہ لک اور سپیشل سیکرٹری عامر حبیب بھی موجود تھے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور